عظمیٰ نیوز سروس
جموں//ایک ترقی پسند، خوشحال اور پرامن ریاست کا خواب دیکھنے والوں کے خوابوں کے مطابق نیا جموں و کشمیر کی تعمیر کے لئے ورک فورس کی مسلسل کوششوں کے لئے ان کی لچک اور استقامت کی تعریف کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنماؤں نے بدھ کو کہا کہ یوم مئی مزدوروں کے حقوق اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے سماجی ردعمل کی یاد دلاتا ہے۔اس دورا ن اجے سڈھوتراہ نے کہاکہ ’’یہ ہم سب کے لئے خود پر غور کرنے کا دن ہے کہ کیا ہم ان کی خواہشات کو پورا کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں‘‘۔ اجے سڈھوترا ایڈیشنل جنرل سکریٹری جے کے این سی اور سابق وزیر نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مزدور یونین کی انتھک مہم کی تعریف کی۔ سابق وزیر نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ مزدور طبقے کے مقصد کے لئے جدوجہد کی ہے اور کہا کہ ان کی فلاح و بہبود نئے جموں و کشمیر چارٹر کا لازمی حصہ ہے۔ انہوں نے شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ کی طرف سے کمزور طبقات بالخصوص لیبر فورس کو بااختیار بنانے میں دلچسپی کا خاص طور پر ذکر کیا اور کہا کہ یہ پارٹی کے لئے ایک رہنما قوت بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لیبر فورس قوم کی معمار اور سماجی و اقتصادی تبدیلی کا ایک اہم جز ہے ۔سڈھوترا نے مزدوروں کی فلاح و بہبود کو نظر انداز کرنے پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تقسیم کی سیاست میں الجھے رہنے کی وجہ سے پارٹی نے جموں کے لوگوں خصوصاً کمزور طبقوں کو دھوکہ دیا۔سینئر این سی لیڈر نے کہا کہ ہر دن مزدوروں کا دن ہے لیکن یکم مئی کو اسے منانا ایک تاریخی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ تقریباً دو صدیاں قبل شکاگو میںقتل عام کے دوران سینکڑوں لوگوں نے اپنے حقوق کے لئے جدوجہد کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ اس دن کو منانا ایک رسم نہیں بلکہ مزدور طبقے کی فلاح و بہبود کے عہد اور ورک فورس کے وقار اور عزت کے لئے کوشش کرنے کا موقع ہونا چاہیے۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اور زون صدر ادھم پور عبدالغنی ملک نے اس دن کے پس منظر کا ذکر کیا اور کہا کہ یکم مئی کو پوری دنیا میں یہ دن منایا جا رہا ہے تاکہ مزدوروں کے حقوق کی بحالی کی ضرورت کو اجاگر کیا جا سکے۔