بارہمولہ // شیری بارہمولہ میں موجود اسٹریٹ لائٹس بیکار پڑی ہیںجس کی وجہ سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ قصبہ بارہمولہ سے سات کلو میٹر دور شیری اور اس کے متصل کئی اہم مقامات پرکئی اسٹریٹ لائٹس نصب کی گئی ہیں لیکن وہ بیکار پڑی ہیں جس سے رات کے د و ر ان اسپتال آنے والے مریضوں اور عام لوگوں کو زبردست مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔ ایک مقامی شہری امتیاز احمد لون نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ اگرچہ شیری اور اسکے آس پاس کے مقامات پر یہ اسٹریٹ لائٹس نصب کرنے پرلاکھوں روپئے خرچ کئے گئے تاہم عوام کو اس کا کوئی فائدہ نہیں پہنچ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب گزشتہ برس اسٹریٹ لائٹس خراب ہونے کی شکایت انتظامیہ کی نوٹس میں لائی گئی تھی تو انہوںنے اسی وقت رقومات فراہم کرکے یہ اسٹریٹ لائٹس ٹھیک کرنے کیلئے افسران پر زور دیا تھا اور بعد میں ان کی مرمت کرکے انہیں چالو بھی کیا گیا تھا لیکن صرف ایک مہینہ چلنے کے بعد یہ تمام اسٹریٹ لائٹس پھر سے بیکار ہوگئیں ۔اس صورتحال کی وجہ سے شام ہوتے ہی پورا بازار اور اس کے آس پاس علاقوں میں اندھیرا چھاجاتاہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق اسٹریٹ لائٹس کے بیکار رہنے سے خاص کر بارشوں کے دورن اسپتال جانے والے مریضوں ،تیمارداروںاور عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ان اسٹریٹ لائٹس کی جلد از جلد مرمت کی جائے تاکہ عوام کو مشکلا ت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔