بانہال // گذشتہ 12 گھنٹوں کے دوران ٹرک کے دو الگ الگ حادثوں میں تین افراد ہلاک ہوئے ہیں -پولیس کے مطابق پہلا حادثہ جمعرات کوچار چنار بانہال کے قریب پیش آیا جس میں ٹرک نمبر PB06L-9155 پہاڑی سے ٹکرانے کے بعد پلٹ گیا جس کی وجہ سے اس کا ڈرائیور بانہال ہسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا۔ اس حادثے میں مرنے والے کی شناخت پنجاب کے ضلع گرداس پور کے ڈرائیور ہرنام سنگھ کے طور کی گئی ہے۔ دوسرا حادثہ ٹرک JK02AU / 4485 کو جمعہ کی صبح شیربی بی کے نزدیک پیش آیا اور وادی کشمیر کی طرف آنے والا یہ ٹرک شاہراہ سے لڑھک کر کھائی میں جاگرا۔ قریب اس حادثے میں ٹرک میں سوار ڈرائیور اور کنڈیکٹر کی موت واقع ہوگئی ۔ لقمہ اجل بنے افراد کی شناخت ڈرائیور سریندر سنگھ ولد بودھ راج ساکنہ چینینی اور کنڈیکٹر پیار سنگھ ولد بچندر سنگھ ساکنہ سمرولی ادہمپور کے طور کی گئی ہے۔ پولیس نے بچاؤ کاروائیوں کے بعد قانونی لوازمات تیار کرکے لاشوں کو حاصل کرنے کیلئے مہلوکین کے اہل خانہ سے رابطہ کیا ہے ۔ ادھر بیٹری چشمہ کے قریب بھی ایک ٹرک گہری کھائی میں گر گیا اور اس میں تلاش کاروائی کے باوجود بھی پولیس اور رام بن کے رضاکاروں کو کوئی زخمی یا لاش نہیں ملی ہے – آخری اطلاعات ملنے تک سرچ آپریشن جاری تھا