سرینگر// شہرخاص کی شیخ کالونی حول بستی میں آگ کی شبانہ وارادت کے دوران13رہائشی مکانات اوران میں موجود گھریلو سامان مکمل طورپر خاکستر ہوگیا اور اس طرح سے ایک درجن سے زیادہ غریب کنبے چھت ،گھریلوسامان اورجمع پونجی سے ہاتھ دھوبیٹھے ۔ زیارت شریف حضرت شیخ مخدوم ؒ کے عقب میں واقع شیخ کالونی حول میں سوموارکورات کے تقریباً11بجے اچانک ایک مکان سے آگ نمودارہوئی جس نے آناًفاناًنزدیکی رہائشی ڈھانچو ں کوبھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔بتایاجاتاہے کہ اس کالونی میں لوگوں نے ساتھ ساتھ یک منزلہ رہائشی ڈھانچے تعمیرکئے تھے اورایک ڈھانچے میں نمودارہوئی آگ نے جلدتمام نزدیکی ڈھانچوں کواپنی لپیٹ میں لے لیا۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ آگ نمودارہوتے ہی اس بستی میں ہوکاعالم بپاہوا،اورخواتین وبچوں کی چیخ وپکارکے بیچ لوگ اس آگ پرقابوپانے کی کوشش کرنے لگے لیکن وہ ہاتھ ملتے ہی رہ گئے کیونکہ فائرسروسزگاڑیوں اورعملہ کی آمدتک شعلوں نے ایک درجن سے زیادہ رہائشی مکانات یاڈھانچوں کواپنی لپیٹ میں لے لیاتھا۔بتایاجاتاہے کہ شیخ کالونی حول میں لگی آگ کے شعلے دوردورتک دکھائی دے رہے تھے۔ فائر سروسز محکمہ کے ذرائع نے بتایا کہ جب تک متعلقہ عملہ آگ پر قابو پانے کی کوشش کرتاتب تک ایک درجن سے زیادہ ڈھانچے شعلوں کی نذرہوچکے تھے ۔انہوں نے کہاکہ کافی کوششوں کے بعدآگ پرقابوپالیاگیالیکن تب تک 13رہائشی مکانات مکمل یاجزوی طورخاکسترہوچکے تھے اوربیشترمکانات کے اندرموجودگھریلوسامان بھی جل کرراکھ کے ڈھیرمیں تبدیل ہوگیا۔ اُدھرپولیس ذرائع نے بتایاکہ آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملتے ہی نزدیکی پولیس تھانے کی ٹیم بھی یہاں پہنچ گئی تاکہ بچائوکارروائی میں مدددینے کیساتھ ساتھ آگ پربھی جلدقابوپایاجاسکے ۔انہوں نے کہاکہ آگ نمودارہونے کی وجوہات کاپتہ لگایاجارہاہے لیکن ابھی یہ واضح نہیں کہ آخراس رہائشی بستی میں آگ کیسے اورکہا ں سے نمودارہوئی ۔