کیف حسن زیدی
جموں // شیخ نگر بہو فورٹ جموں میں واقع گلی کی سڑک انتہائی خستہ حالی کا شکار ہے،جس کے چلتے یہاں کے رہائشی سخت پریشان ہیں۔ سڑک پر بڑے بڑے گڑھے پڑے ہوئے ہیں جو روزانہ گزرنے والے راہگیروں، موٹر سائیکل سواروں اور مقامی لوگوں کے لیے مشکلات کا باعث بن رہے ہیں۔سڑک اس وقت انتہائی خراب حالت میں ہے۔ سڑک بیچ سے اکھڑی ہوئی ہے اور جگہ جگہ ٹوٹ پھوٹ شہریوں کی روزمرہ نقل و حرکت کو شدید متاثر کر رہی ہے۔سڑک کی حالت ایسی ہے جیسے کبھی مرمت ہی نہ ہوئی ہو۔ سڑک کے بیچوں بیچ گہرے گڑھے نہ صرف ٹریفک میں رکاوٹ پیدا کرتے ہیں بلکہ حادثات کا سبب بھی بن سکتے ہیں۔سڑک کی حالت نہ صرف خراب ہے بلکہ خطرناک حد تک خستہ ہو چکی ہے۔محلے کے مکینوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے کئی بار متعلقہ محکموں کو شکایت کی لیکن تاحال کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ بچوں، خواتین اور بزرگوں کے لیے یہ سڑک چلنے کے قابل نہیں رہی، خاص طور پر بارش کے دنوں میں یہ گڑھے پانی سے بھر جاتے ہیں اور حادثات کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے فوری طور پر سڑک کی مرمت کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام کو روزمرہ کی دشواریوں سے نجات مل سکے۔محلہ مکینوں کی اپیل ہے کہ میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ حکام اس سڑک کی فوری مرمت کریں تاکہ روزمرہ کی زندگی آسان ہو اور کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔اس گلی میں کئی رہائشی مکانات، دکانیں، میڈیکل ہال اور دیگر ضروری سہولیات موجود ہیں، جن تک رسائی شہریوں کے لیے روز بروز دشوار ہوتی جا رہی ہے۔ پیدل چلنے والے افراد، خاص طور پر بزرگ، خواتین اور اسکول جانے والے بچے ان گڑھوں کی وجہ سے بار بار پھسلنے اور گرنے جیسے حادثات کا شکار ہو رہے ہیں۔موٹر سائیکل اور اسکوٹی سوار افراد جب سڑک کے ان گڑھوں سے گزرتے ہیں تو اکثر توازن کھو بیٹھتے ہیں، جو سنگین حادثے کا باعث بن سکتا ہے۔ بارش کے دنوں میں صورت حال اور بھی خطرناک ہو جاتی ہے، جب یہ گڑھے پانی سے بھر جاتے ہیں اور ان کی گہرائی کا اندازہ لگانا ممکن نہیں ہوتا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس گلی میں روزانہ سینکڑوں افراد کا آنا جانا لگا رہتا ہے، لیکن سڑک کی یہ حالت انتظامیہ کی بے حسی اور ناقص منصوبہ بندی کو ظاہر کرتی ہے۔اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو یہ گلی نہ صرف روزمرہ زندگی میں رکاوٹ بنے گی بلکہ آئندہ حادثات کی ذمہ داری بھی حکام پر عائد ہوگی۔