سرینگر// وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی ،نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ ،کارگذار صدر عمر عبداللہ ، کانگریس کے سینئر لیڈڑ پروفیسر سیف الدین سوزاور جموں و کشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی نے ریاست کے سابق وزیر قانون شیخ محمد مقبول کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے سابق وزیر برائے قانون و پارلیمانی امور شیخ محمد مقبول کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے تعزیتی پیغام میں وزیر اعلیٰ نے مرحوم شیخ مقبول کو ایک دیانتدار اور بے لوث عوامی نمایندہ قرار دیا جنہوں نے لوگوں بالخصوص بارہمولہ کے عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے ساری عمر محنت کی ۔ محبوبہ مفتی نے سوگوار خاندان کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے مرحوم کی روح کے دایمی سکون کیلئے دعا کی ۔ ڈاکٹر فاروق اور عمر عبداللہ نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے سوگوران کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور اُن کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دونوں لیڈران نے کہا کہ مرحوم نہ صرف ایک ماہر قانون تھے بلکہ ایک دیندار اورمنجھے ہوئے سیاستدان تھے۔ مرحوم نے بحیثیت وزیر قانون، بحیثیت چیئرمین ٹاﺅن ایریا کمیٹی اور بحیثیت چیئرمین اوقاف اپنی قابلیت اور ایمانداری کا لوہا منوایا۔ پارٹی سے وابستہ کئی لیڈروں و کارکنان نے مرحوم کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔ادھر پارٹی ہیڈکوارٹر پر جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر کی قیادت میں ایک تعزیتی اجلاس میں مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور مرحوم کی سیاسی، سماجی اور پارٹی خدمات کو اُجاگر کیا گیا۔ اس موقعے پر پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر صوبائی نائب صدر محمد سعید آخون، لیڈران عرفان احمد شاہ، شمیمہ فردوس، پیر آفاق احمد، شوکت احمد میراور غلام نبی بٹ کے علاوہ کئی لیڈران بھی موجود تھے۔بارہمولہ میںبھی ایک تعزیتی اجلاس صدرِ ضلع جاوید احمد ڈار کی صدار ت میں منعقد ہوا، جس میں مرحوم کوخراج عقیدت پیش کیا گیا۔پارٹی لیڈران عبدالرحیم راتھر، محمد شفیع اوڑی ، چودھری رمضان، میر سیف اللہ، قیصر جمشید لون، جنید عظیم متو، عمران نبی ڈاراور غلام مصطفی شاہ نے بھی اس سانحہ ارتحال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر پروفیسر سیف الدین سوزنے سابق وزیر قانون شیخ محمد مقبول کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کو ریاست کے طول و عرض میں ایک ایسے سیاسی لیڈر کی حیثیت میں پہنچانا جاتا تھا جو عوامی خدمت میں صحیح اعتقادرکھتا تھا۔انہوں نے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی ہے۔چیئرمین جموں و کشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی اور ریاستی اسمبلی کے سابق سپیکر مبارک گل ،صوبائی چیئرمین حاجی محمد مقبول میر،چیئرمین شمالی کشمیر خواجہ محمد شفیع اور ضلع چیئرمین بارہمولہ عبدالمجید آخون نے شیخ محمد مقبول کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔