سرینگر//شہید حریت شیخ عبدلحمید اتحاد و اتفاق کے ایک تابندہ نشان تھے جنہوں نے اسی مقصد کیلئے اپنی جان کی بازی لگادی۔انکے والد گرامی شیخ عبدالکبیر بھی انہی کے نظریات پر کاربند تھے اور مرتے دم تک سماجی اور انسان دوستی کے کام میں منہمک رہے۔آج جب کہ ہم ان کے اور انکے خاندان کی جدوجہد و قربانیوں کو یاد کررہے ہیں ہم اپنے اس والد نما شخصیت کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ان باتوں کا اظہار لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے اتوار کو صدیق آباد (داندرکھاہ)بٹہ مالو میں منعقدہ ایک تعزیتی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حاجی شیخ عبدالکبیر کی وفات کے سلسلے میں منعقدہ اجتماع میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی جبکہ اس میں کئی سیاسی، سماجی، دینی، تجارتی جماعتوں اور انجمنوں نیز چیدہ شخصیات بھی شریک ہوئے اورکئی ایک نے مجلس سے خطاب بھی کیا۔ یاسین ملک اور دوسرے قائدین و اراکین کے ساتھ ساتھ جن مختلف شخصیات، دینی،سیاسی،سماجی اور تجارتی انجمنوں نے خطاب کیا ان میں شبیر احمد ڈار(چیئرمین مسلم کانفرنس)، جاوید احمد میر(لبریشن فرنٹ (حقیقی) ،طارق احمد ڈار،فاروق احمد وانی (پیپلز لیگ) ،بشیر احمد طوطا(پیپلز لیگ)،محمد اقبال میر(محاذ آزادی)،شکیل احمد بخشی(اسلامک سٹوڈنٹس لیگ )،سجاد گل،حاجی نثار و ابرار احمد خان(تجارتی نمائندگان)، مولوی مشتاق(سالویشن مومنٹ)،سید شبیر احمد شاہ(صوت الحق)،جی ایم راہ(پیپلز لیگ خان سوپوری)،خورشید میرنمائندہ رئوف کشمیری،حافظ سجاد نمائندہ شبیر احمد صدیقی ٹرسٹ،عمر عادل ڈار(تحریک حریت)،مولوی محمد حسین،پیرزادہ رئوف احمد،منیر احمد،نمائندہ مختار احمد صوفی، نمائندہ محمد اعظم انقلابی( محاذ آزادی)، ایڈوکیٹ ظہیر الدین،ایڈوکیٹ بشیر صدیق،ایڈوکیٹ جی این شاہین اور دوسرے اکابرین،معروف ملازم لیڈر فیاض شبنم وفد کے ہمراہ شامل ہیں۔مجلس کے آخر پر فرنٹ کے نائب چیئرمین ایڈوکیٹ بشیر احمد بٹ نے مجلس کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ اسی حوالے سے لبریشن فرنٹ کے سرکردہ سپریم کونسل ممبران کی ایک مجلس بھی اسلام آباد پاکستان میں منعقد ہوئی جس کی سربراہی سینئر نائب چیئرمین فرنٹ عبدالحمید بٹ نے کی اورمجلس میں بھی مرحوم چاچا عبدالکبیر اور انکے خانوداے کی سیاسی، سماجی اور تحریکی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا گیا۔