سرینگر//مشترکہ مزاحمتی قیادت ،حریت (ع)،نیشنل فرنٹ ،پیپلز لیگ،ماس مومنٹ اور محاذ آزادی نے شیخ عبدالعزیز کو ان کی 9ویں برسی پرخراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے اپنی پوری زندگی ایک عظیم نصب العین کے حصو ل کیلئے وقف کی تھی۔ مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی شاہ گیلانی ، میرواعظ محمد عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے کشمیریوں کی تحریک حقِ خودارادیت کو ایک نئے جذبے سے روشناس کرایا۔موصولہ بیان کے مطابق مزاحمتی قائدین نے کہا کہ موصوف کو خراج عقیدت ادا کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ پوری قوم اور قیادت اس عظیم نصب العین کے تئیں بھر پور وابستگی اور استقامت کا مظاہرہ کرے ۔بیان کے مطابق 11اگست کو مزار شہداءعیدگاہ میں ایک اجتماعی دعائیہ مجلس کا انعقاد ہوگا اور فاتحہ خوانی ہوگی۔ حریت(ع)ترجمان نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہ کشمیریوںکی رواں تحریک مزاحمت میں جہاں عوام نے حصول مقصد کیلئے بے مثال جانی ومالی قربانیاں پیش کی ہیں اور کررہے ہیں وہیں قیادت کی سطح پر بھی پیش کی گئی قربانیاں رواں تحریک مزاحمت کا انمول اثاثہ ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے اپنے مبنی برحق جدوجہد میں قربانیوں کی ایک تاریخ رقم کررہے ہیں اور ان قربانیوں کی وجہ سے آج مسئلہ کشمیر کے حل کو عالمی سطح پر جنوب ایشیائی خطے کے دائمی امن اور استحکام کیلئے ناگزیر سمجھا جارہا ہے ۔نیشنل فرنٹ نے کہا کہ موصوف کی زندگی ایسی قربانیوں کا ایک مجموعہ ہے جن کو سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔بیان کے مطابق شیخ عبد العزیز فرنٹ چیئر مین نعیم احمد خان کے دیرینہ ساتھی تھے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ شیخ عبد العزیز نے’ مظفر آباد چلو‘ قافلے کی قیادت کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے یہ ثابت کیا کہ وہ صرف گفتار کا ہی غازی نہیں بلکہ عمل کا ایک پیکر تھا۔پیپلز لیگ کے عبوری چیئر مین محمد مقبول صوفی اور لیگ کے سینئر رہنما ایڈوکیٹ بشیر احمد طوطا نے شیخ عبدالعزیز کو مزاحمتی تحریک کے تئیں ا±ن کی گراں قدر خدمات کو قوم کے لئے بالعموم اور پیپلز لیگ کے لئے بالخصوص سرمایہ افتخار قرار دیتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔ ماس مومنٹ نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے حریت پسندوں کیلئے جو مشعل روشن کی اسے ہر قیمت پر فروزاں رکھا جائے گا۔بیان کے مطابق ماس مومنٹ سربراہ فریدہ بہن جی نے کہا کہ شیخ عبدلعزیز نے نہ صرف کشمیری قوم کو بلکہ حریت قائدین کو متحد کیا تھا۔محاذآزادی کے ایک دھڑے کے صدر محمد اقبال میر اور نائب صدر قطب عالم نے خراج عقیدت اداکرتے ہوئے کہا کہ مزاحمتی تحریک کے ساتھ انکاوالہانہ رول برسوں تک یاد رکھا جائے گا۔مزاحمتی لیڈرغلام نبی وسیم نے خراج عقیدت اداکرتے ہوئے کہا کہ کشمیری قوم اُس وقت تک اپنی جدوجہد جاری وساری رکھے گی، جب تک مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور آبرومندانہ حل نہیں نکلتا ہے ۔