شیخ عبدالحمید اور رفقاء کی 25 ویں برسی ، مزاحمتی خیمہ کا خراج

Kashmir Uzma News Desk
5 Min Read
سرینگر//شہدائے عالی کدل کی برسی پر لبریشن فرنٹ، اسلامک پولٹیکل پارٹی، لبریشن فرنٹ (آر)، حریت (جے کے)، لبریشن فرنٹ (حقیقی) اور سالویشن مومنٹ نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ قربانیاں ضرور رنگ لائینگی۔اس دوران مزار شہداء عیدگاہ میں فاتحہ خوانی کی مجالس منعقد ہوئیں۔محبوس لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہاکہشہید حریت شیخ عبدالحمید ، مشتاق احمد لون اور ایڈوکیٹ جمیل چودھری جیسے جیالے قوموں کا افتخار ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ شہدائے عالی کدل نے جہلم کے پانی کو اپنے لہو سے سرخرو کیا اور تاریخ ِ کشمیر میں عزیمت کا وہ باب رقم کرگئے جو لامثال ہے۔ یاسین ملک نے کہا ہے کہ ’’جس تحریک کو شہدائے عالی کدل جیسے شہداء کے لہو نے سیراب کیا ہو اُسے دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کرسکتی۔ یاسین ملک نے کہا کہ شیخ عبدالحمید اور انکے ساتھی وہ دلیر و باہمت لوگ تھے جنہوں نے عزیمت کے راہی بن کر دریائے جہلم کے سرد بہتے ہوئے پانی کو اپنے لہو کی سرخی سے لالہ زار بنایا، یہ عظیم الشان شہداء ہی ہمارے اصل ہیرو اور ہماری آرزئوں و امنگوں کے ترجمان ہیں اور آج ان کے یوم شہادت پر ہم اپنے اس عہد کا اعادہ کرتے ہیں کہ تحریک آزادی کو ہر حال میں جاری رکھا جائے گا اور اس راہ میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا‘‘۔انہوں نے کہاکہ جو لوگ اس خوش فہمی میں مبتلا ہیں کہ وہ تحریک آزادی اپنی منافقانہ سیاست اور ظلم و جبر سے ختم کردیں گے وہ  یاد رکھیں کہ معصومین کے لہو سے سیراب عوامی تحاریک کو ختم کرنا یا شکست دیناکسی کے بس میں نہیں ہوتا ہے اور یہ کہ دنیا کی تاریخ شاہد ہے کہ کوئی تحریک آزادی ظلم و جبر کے بل پردبائی نہیں جاسکتی ہے‘‘ ۔ اپنے بچپن کے رفیق شیخ عبدالحمید کو یاد کرتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ شیخ عبدالحمید تحریک آزادی ٔ نو کے سالار تھے جنہوں نے اپنا لہو دے کرتحریک کے اُس پودے کی آبیاری کی جو آج ایک تناور درخت بن چکا ہے۔ لبریشن فرنٹ بانی محمد مقبول بٹ کے برادر اصغر غلام نبی بٹ مرحوم و مغفور جو 18؍ نومبر1994 کے روز اپنے خالق حقیقی سے جاملے تھے کو یاد کرتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ موصوف کا خانوادہ ہی تحریک کی علامت ہے اور موصوف بھی تادم آخریںآزادیٔ کشمیر کے مشن میں سرگرداں رہے ۔ یاسین صاحب نے مرحوم و مغفور کی جنت نشینی کیلئے اللہ تعالیٰ سے دعائیں کیں۔شیخ عبدالحمید، مشتاق احمد لون، ایڈوکیٹ جمیل چودھری،  فیاض احمد شیخ،مشتاق احمد کوٹے، منظوراحمد خان اور  غلام احمد کی یاد میں اتوار کومزار شہداء عید گاہ پر ایک یادگاری مجلس منعقد ہوئی جس میں شہدا ء کے لواحقین ، مداح اور لبریشن فرنٹ کے قائدین و اراکین بشمول ایڈوکیٹ بشیر ا حمد بٹ ، شوکت احمد بخشی، ماسٹر شیخ محمد افضل، غلام رسول ڈار عیدی، نور محمد کلوال، محمد یاسین بٹ، ، ظہوراحمد بٹ، سراج الدین میر، محمد صدیق شاہ،شیخ عبدالرشید، بشیر احمد کشمیری، پروفیسر جاوید،مشتاق احمد خان، بشیر احمد راتھر (بویا)،اشرف بن سلام نے شرکت کی ۔مجلس کے دوران شہداء کو یاد کرتے ہوئے ان کے اعلیٰ درجات کیلئے اللہ سے دعائیں کی گئیں۔ادھر  اسلاملک پولیٹکل پارٹی چیئرمین محمد یوسف نقاش نے پارٹی ذمہ داران محمد ایوب ڈار ،شوکت احمد خان اور سجاد احمد لون کے ہمراہ مزار شہدا عید گاہ جاکرشہدائے عالی کدل کی برسی پر اجتماعی فاتحہ خوانی میں حصہ لیا۔ حریت (جے کے )کا ایک وفد امتیاز احمد ریشی کی قیادت میں مزار شہداء عید گاہ گیا جہاں انہوں نے عائیہ مجلس میں شرکت کی ۔لبریشن فرنٹ (آر )کے ذمہ داربشیر احمد قریشی ،اعجاز احمد میر ،حسنی مبارک ،محمد سجو،جاوید احمد سازنواز ،نعیم احمد ڈارنے فاتحہ خوانی میں شرکت کی۔ ترجمان نے کہا کہ ہم ان کے مشن برائے آزادی کو اس کے حتمی انجام پہنچانے کے اپنے وعدے پر کاربند ہیں ۔اس دوران سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ اور لبریشن فرنٹ (حقیقی) چیئرمین جاوید احمد میر نے کہاکہ شہداء کا مشن ابھی تشنۂ تکمیل ہے اور ان کے مشن کوپایہ تکمیل تک پہنچانے کے وعدے پر کاربند ہیں۔ 
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *