سرینگر//محکمہ جنگلات کے ملازمین کی طرف سے یوم سیاہ منانے کی کال کے دوران ملازمین نے سرینگر میں احتجاجی دھرنا دیا۔جس دوران انہوں نے درجہ چہارم ملازمین کی ترقیوں کو التواء میں رکھنے اور کیجول ملازمین کی تنخواہوں کوروکنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ محکمہ جنگلات کے ملازمین نے2روزہ احتجاجی ہڑتال کی کال دی تھی،جس کے پیش نظر وہ شیخ باغ میں قائم فارسٹ دفتر کے صحن میں جمع ہوئے اور احتجاج کیا۔ احتجاج کے دوران فارست ایمپلائز فیڈریشن کے سنیئر نائب صدر مشتاق احمد نے بتایا ’’ پرنسپل چیف کنزرویٹر فارسٹس کی ملازم کش پالسیوں کے خلاف انکی سبکدوشی کے موقعہ پر یوم سیاہ منانے کی کال دی گئی تھی‘‘۔ انہوں نے اپنے مطالبات کو دہراتے ہوئے کہا کہ محکمانہ ترقیاتی کمیٹی کی میٹنگ کے علاوہ درجہ چہارم ملازمین کی ترقیوں کو التواء میں رکھا گیا جبکہ کیجول ملازمین کی تنخواہیں بھی روکی گئیں۔ احتجاجی ملازمین نے پرنسپل چیف کنزرویٹر فارسٹس روی کمار کیسر سے اپیل کی کہ انکے مسائل کو حل کیا جائے جبکہ اس بات کی بھی دھمکی دی کہ اگر انکے مسائل کا فوری طور پر ازالہ نہیں کیا گیا تو ریاست گیر سطح پر سخت پروگرام دیا جائے گا۔ انہوں نے فیصلہ کیا کہ4جولائی کو ایک اور میٹنگ منعقد ہوگی جس میں ملازم انجمن آئندہ کا لایحہ عمل ترتیب دے گی۔