عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نئی دہلی کے بی ایل کے-میکس سپر اسپیشلٹی ہسپتال نے اتوار کو سرینگر کے شیخ العالم ہسپتال کے ساتھ مل کر یورولوجی، گردے کی پیوندکاری، نیورو سرجری اور نیورو اسپائن کے لئے خصوصی ملٹی اسپیشلٹی او پی ڈی خدمات کا آغاز کیا۔اس او پی ڈی سروس کا افتتاح بی ایل کے-میکس سپر اسپیشلٹی ہسپتال کے یورولوجی، اینڈرولوجی اور رینل ٹرانسپلانٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شفیق احمد، نیورو سرجری اور نیورو اسپائن کے ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر روہت بنسل اور شیخ العالم ہسپتال کے ڈاکٹر تنویر اقبال کی موجودگی میں کیا گیا۔ ڈائریکٹر یورولوجی، اینڈرولوجی اور رینل ٹرانسپلانٹ ڈاکٹر شفیق احمد نے بتایا کہ اسپتال میں ہر ماہ کی چوتھے اتوار کو خصوصی او پی ڈی کا انعقاد ہوگا۔ انہوں نے کہا’’میکس اسپتال میں شعبہ نیورو سرجری اور نیورو اسپائن کے ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر روہت بنسل، ہر ماہ کے پہلے اتوار کو مشاورت کیلئے ہسپتال میںدستیاب ہوں گے۔گردوں کے مختلف امراض میں مبتلا مریضوں پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر شفیق احمد نے کہا ،’’ہم سرینگر اور آس پاس کے علاقوں کے مریضوں کی مدد کیلئے یورولوجی اور گردے کی پیوندکاری کے او پی ڈی خدمات کا آغاز کر رہے ہیں۔ حالیہ تکنیکی ترقی کی بدولت پروسٹیٹ سے متعلق بیماریوں اور گردے کی پیوندکاری کے علاج اب روبوٹک عمل کے ذریعے آسان بن گیا ہے۔ ہما ری ماہر ٹیم کو روبوٹک ٹیکنالوجی کے ذریعے پیچیدہ یورولوجیکل اور گردے کی پیوندکاری کی سرجری میں وسیع تجربہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرینگر میں ایک دہائی سے باقاعدہ او پی ڈی خدمات فراہم کرتے ہوئے، ہماری ٹیم نے جدید روبوٹک ٹیکنالوجی کو یہاں کے لوگوں کے لئے مزید قابل رسائی بنایا ہے۔ شیخ العالم ہسپتال کے تعاون سے اس او پی ڈی کا مقصد جموں و کشمیر کے عوام کیلئے ماہر دیکھ بھال کو ایک قدم اور قریب لانا ہے۔‘‘بی ایل کے-میکس سپر اسپیشلٹی ہسپتال کے نیورو اسپائن ڈیپارٹمنٹ کے ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر روہت بنسل نے کہا،’’ہمیں سرینگر میں نیورو سرجری اور نیورو اسپائن کے خصوصی او پی ڈی خدمات کا آغاز کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ او پی ڈی ہماری اس عزم کا ثبوت ہے کہ ہم اس علاقے میں صحت کی رسائی اور نتائج کو بہتر بنائیں گے۔ لوگ اکثر سردرد، مائیگرین، چکر آنا، بے ہوشی، چلنے میں دقت، توازن کی خرابی، دیکھنے اور بولنے میں دشواری جیسے مسائل کے ساتھ ہمارے پاس آتے ہیں۔ یہ علامات سنگین بیماریوں کی نشاندہی کر سکتی ہیں اور اگر ان کی بروقت تشخیص کی جائے تو علاج کے نتائج میں قابل ذکر بہتری آ سکتی ہے۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس ملٹی اسپیشلٹی او پی ڈی کا مقصد امراض کے انتظام کو بہتر بنانا اور قریبی علاقوں میں ماہر طبی معاونت فراہم کرنا ہے۔ جدید ترین ٹیکنالوجی کے ساتھ معیاری صحت خدمات فراہم کرنے والا بی ایل کے-میکس ہسپتال پہلے سے ہی اس علاقے کے مریضوں کے لئے ایک ترجیحی مرکز ہے۔
شیخ العالم ہسپتال میں مریضوں کیلئے خصوصی او پی ڈی کا آغاز | میکس سپر اسپیشلٹی ہسپتال کے ماہر ماہ کی آخری اتوار کو دستیاب ہوںگے
