یو این آئی
ممبئی//بیرونی منڈیوں سے مثبت اشارے ملنے کے بعد جمعرات کے روز گھریلو شیئر بازاروں میں پھر سے تیزی دیکھنے کو ملی۔ بی ایس ای کا 30حصص پر مشتمل سنسیکس انڈیکس 539.83پوائنٹس یعنی 0.66فیصد بڑھ کر 82,726.64پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای)کا نفٹی50بھی 159پوائنٹس یعنی 0.63فیصد کی بہتری کے ساتھ 25,219.90پوائنٹس پر بند ہوا۔اس سے پہلے پیر کے روز بازار نے مثبت رجحان کا مظاہرہ کیا، جہاں پیر کو نمایاں تیزی دیکھی گئی، تاہم منگل کو معمولی مندی دیکھنے میں آئی۔ مجموعی طور پر دونوں انڈیکس تقریباً گزشتہ دو ہفتوں کی بلند ترین سطح پر بند ہوئے۔امریکہ اور جاپان کے درمیان درآمداتی محصولات اور سرمایہ کاری سے متعلق تجارتی معاہدے کے بعد بیرونی منڈیوں میں زبردست تیزی دیکھی گئی۔ جاپان کا نِکئی انڈیکس 3.51فیصد اضافے کے ساتھ بند ہوا، جبکہ ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ 1.62 فیصد مضبوط ہوا۔ البتہ چین کا شنگھائی کمپوزٹ تقریبا مستحکم رہا۔ برطانیہ کا ایف ٹی ایس ای اور جرمنی کا ڈیکس ابتدائی کاروبار میں بالترتیب 0.54فیصد اور 0.84فیصد اوپر تھا۔عالمی منڈی سے ملے مثبت رجحان کے سبب سرمایہ کاروں کی خریداری میں تیزی آئی، جس کی وجہ سے سنسیکس 265پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ 82,451.87پوائنٹس پر کھلا اور پورے دن مضبوطی کے ساتھ برقرار رہا۔ سنسیکس کی 30میں سے 22کمپنیوں کے حصص میں اضافہ درج کیا گیا۔ ٹاٹا موٹرز میں سب سے زیادہ 2.51فیصد کی تیزی دیکھی گئی۔ بھارتی ایئرٹیل، بجاج فائنانس، ماروتی سوزوکی اور بجاج فن سرو کے حصص میں بھی ایک سے دو فیصد تک اضافہ ہوا۔ سنسیکس میں ہندستان یونی لیور کا شیئر سب سے زیادہ 1.19 فیصد کم ہوا۔نفٹی50کی شروعات 78.45 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ 25,139.35پوائنٹس پر ہوئی۔ دن بھر میں یہ انڈیکس کم از کم 25,085.50 اور زیادہ سے زیادہ 25,233.50 پوائنٹس کو چھونے کے بعد آخرکار 0.63فیصد کی تیزی کے ساتھ بند ہوا۔ہر طرف خریداری کے رجحان کے درمیان درمیانی درجے کی اور چھوٹی کمپنیوں کے حصص میں بھی اچھال دیکھا گیا۔این ایس ای میں ریئلٹی، ایف ایم سی جی اور میڈیا کے علاوہ دیگر تمام شعبوں کے انڈیکس میں اضافہ درج کیا گیا۔