یو این آئی
ممبئی// چین اور یوروپ کے کمزور معاشی اعداد و شمار اور بڑھتے ہوئے بانڈ ریٹرن کی وجہ سے ایکویٹی ویلیویشن کو درپیش چیلنج کے درمیان امریکی فیڈرل ریزرو کی مانیٹری پالیسی میٹنگ میں سود کی شرح پر ہونے والے فیصلے سے متعلق اندیشہ کے سبب عالمی مارکیٹ میں یوٹیلٹیز، میٹلز، آئل اینڈ گیس اور ٹیک سمیت تیرہ گروپس میں مقامی سطح پر فروخت کے باعث اسٹاک مارکیٹ کل گرکر بند ہوئی۔بی ایس ای کا 30 حصص کا حساس انڈیکس سینسیکس 384.55 پوائنٹس گر کر 81,748.57 پوائنٹس اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی 100.05پوائنٹس گر کر 24,668.25 پوائنٹس پر آگیا۔ تاہم بی ایس ای کی بڑی کمپنیوں کے برعکس درمیانی اور چھوٹی کمپنیوں کے شیئرز میں زبردست خریداری ہوئی جس کی وجہ سے مڈ کیپ 0.73 فیصد بڑھ کر 48,126.66 پوائنٹس اور اسمال کیپ 0.47فیصد بڑھ کر 57,227.62 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ اس عرصے کے دوران بی ایس ای میں مجموعی طور پر 4240کمپنیوں کے حصص میں کاروبار ہوا ۔