عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نیشنل کانفرنس نے ہفتہ کو کہا کہ لوگوں کو اپنے شہدا کو یاد کرنے کی جگہ سے محروم کرنا بنیادی طور پر ناانصافی ہے۔ یہ بیان ضلع انتظامیہ سرینگر کی طرف سے 13 جولائی 2025 کو خواجہ بازار، نوہٹہ کی طرف جانے کا ارادہ رکھنے والے تمام درخواست دہندگان کو اجازت دینے سے انکار کے بعد سامنے آیا ہے۔این سی کے چیف ترجمان تنویر صادق نے اس حکم کو “بدقسمتی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ”یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لئے گہری تاریخی اور جذباتی اہمیت کے دن، ضلع انتظامیہ نے 13 جولائی 1931 کے شہدا کو خواجہ بازار، نوہٹہ میں پرامن خراج عقیدت پیش کرنے کی اجازت نہیں دی ہے،” ۔انہوں نے کہا کہ13جولائی کوئی معمول کی تاریخ نہیں ہے یہ وقار، انصاف اور حقوق کے حصول میں دی گئی قربانیوں کی یاددہانی ہے۔انہوں نے X پر کہا”لوگوں کو اپنے شہدا کو یاد کرنے کی جگہ سے انکار کرنا بنیادی طور پر ناانصافی ہے۔ ہم انتظامیہ سے اس فیصلے کی سنگینی پر غور کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔ کوئی حکم یادداشت کو دبا نہیں سکتا، کوئی پابندی سچائی کو نہیں مٹا سکتی،” ۔