سرینگر //سابقہ ممبر قانون ساز کونسل ڈاکٹر شہناز گنائی نے کمشنر سیکریٹری ٹرانسپورٹ محمد اصغر سامون سے ایس آر ٹی سی کے مینیجنگ ڈائریکٹر کے ہمراہ ملا قات کی۔ اس دوران موصوفہ نے خطہ پیر پنجال اور بالخصوص ضلع پونچھ میں ایس آر ٹی سی کی جانب سے چلائی جا رہی بس سروسز کے نظام کو دُرست کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی سہولت کے لئے اس علاقہ میں مذکورہ محکمہ کی طرف سے مزید بسیں چلائی جائیں۔ اُنہوں نے کہاکہ سرحدی ضلع پونچھ میں مقامی سطح پر بھی بسیں چلائی جائیں تاکہ بڑھتے ہوئے حادثات کی شرح میں کمی لائی جاسکے ۔ غور طلب ہے کہ محکمہ ایس آرٹی سی کی جانب سے بذریعہ مغل شاہراہ پونچھ تا سرینگر بس سروس کے بند کئے جانے کے مسئلہ کو ڈاکٹر گنائی نے گزشتہ ماہ عوامی وفود کے مطالبے کے بعد کمشنر موصوف کے سامنے لایا تھا جس پر کمشنر موصوف نے مثبت روایہ اختیار کرتے ہوئے بس سروس کو دوبارہ سے شروع کروایا جبکہ مذکورہ قدم کیلئے ڈاکٹر شہناز گنائی نے موصوف کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے ان کا خیر مقدم بھی کیا ہے ۔ دریں اثناء کمشنر سیکریٹری نے ڈاکٹر گنائی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اُن کے دیگر مطالبات کو بھی جلد ہی حل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے مزید یقین دلایا کہ جلد ہی اُن کا محکمہ جموں تا منڈی ایک نئی بس سروس شروع کرنے جا رہا ہے اور جموں تا پونچھ رُوٹ پر ایک اور بس سروس کا اضافہ کرنے جارہاہے۔