سرینگر//سرینگر شہر میں بیشتر شاپنگ مالز میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سرینگر میونسپل کارپوریشن نے یہ سہولیت4 روز کے اندر اندر دستیاب نہ کرانے پر اِن مالز کے خلاف کاروائی کرنے کا عندیہ دیا ہے۔وزیر علیٰ شکائتی سیل کے کوارڈینیٹر تصدق حسین مفتی کی جانب سے بھیجے گئے مکتوب کے بعد ایس ایم سی نے اس سلسلے میں خصوصی سکارڈ تشکیل دیئے ہیں جو شاپنگ مالز میں ان سہولیات کی دستیابی کا جائیزہ لیں گے۔ واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ شکائتی سیل کو کئی شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں شہر کے شاپنگ مالز میں بیت الخلأ، پینے کا پانی اور پارکنگ جیسی سہولیات کی عدم دستیابی کی شکائت کی گئی ہے۔گذشتہ روز خصوصی سکارڈ نے کئی معائنے کئے جس کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ بیشتر مالز میں یہ سہولیات دستیاب نہیں ہیں۔ ایس ایم سی نے شہر کے4معروف شاپنگ مالز کے نام نوٹس جاری کر کے انہیں4 روز کے اندر بنیادی سہولیات دستیاب کرانے کی ہدایت دی ہے۔ بصورتِ دیگر ان کے خلاف قانونی کاروائی کا عندیہ دیا گیا ہے۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ شکایات ملنے کے بعد وزیر اعلیٰ شکائتی سیل نے جموں اور سرینگر میونسپل کارپوریشنوں کو اس سلسلے میں موزوں کاروائی کرنے کی ہدایت دی تھی۔ایس ایم سی کی جانب سے جاری احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں قصوروار شاپنگ مالز کے خلاف کاروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔