سرینگر// پولنگ کے روزسرینگر شہر کے تین بڑے اسپتالوں میں 76زخمیوں کا اندراج کیا گیا جن میں 14افراد کو گولیاں جبکہ 42افراد پیلٹ لگنے کی وجہ سے زخمی ہوئے تھے۔ان میں 9کی آنکھیں پیلٹ سے متاثر ہوئیں ہیںجبکہ20افراد کو ٹیر گیس اور پولیس کی مار پیٹ سے چوٹیں آئیں ہیں۔سرینگر کے جے و ی سی اسپتال میں 31زخمیوںکا اندراج کیا گیا جن میں 10کو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے جبکہ باقی 21زخمیوں کو ابتدائی مرحم پٹی کے بعد گھر روانہ کردیا ہے۔ سی ایم اوجے وی سی ڈاکٹر مدثر نے کہا ’’ جن 10زخمیوں کا اندراج کیا گیاان میں 9کی آنکھوں میں پیلٹ لگے ہیں جبکہ ایک کے دانتوں میں چھوٹ آئی ہے۔ ڈاکٹر مدثر نے کہا کہ زخمیوں میں تین ایسے افراد بھی شامل ہیں جو گولیاں لگنے کی وجہ سے زخمی ہوئے ہیں ۔ سرینگر کے صدر اسپتال میں کل 36زخمی افراد کو داخل کیا گیا ۔ میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر نذیر احمد چودھری نے کہا ’’36 میں 5کو گولیاں لگی ہیں جبکہ 31پیلٹ لگنے کی وجہ سے زخمی ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مختلف علاقوں سے زخمیوں کے آنے کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔ بون اینڈ جوائنٹ اسپتال میں 8زخمی افراد کا داخلہ کیا گیا جن میں 7گولیاں لگنے کی وجہ سے جبکہ 1پیلٹ لگنے کی وجہ سے زخمی ہوگیا ہے۔ 5کے بازوں میں گولیاں لگیں ہیں جبکہ 2ٹانگوں پر گولی لگنے کی وجہ سے زخمی ہوگئے ہیں ۔بازوں میں گولیاں لگنے والے 5افراد میں محمد یونس ، شاہینہ، عادل احمد ، جاوید احمد ، فاروق احمد شامل ہیں جبکہ ٹانگوں پر گولی لگنے کی وجہ سے زخمی ہونے والوں میں ریاض احمد اور محمد عمر شامل ہیں ۔ زخمیوں میں سے بلال احمد بائیں بازو پر پیلٹ لگنے کی وجہ سے زخمی ہوگئے ہیں۔نامہ نگار اکرم الحسن کے مطابق صورہ میڈیکل انسٹیچیوٹ میں 60 زخمیوں کا اندراج عمل میں لایا گیا جن میں سے50 فی الوقت اسپتال کے ایمرجنسی شعبہ میں زیر علاج ہیں جبکہ 9کو باضابطہ طور داخل کیا گیا ہے۔ان 9میں سے7کو گولیاں لگی تھی جبکہ ایک پیلٹ اور ایک ٹیر گیس شل لگنے سے زخمی ہوا تھا۔ان زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ زخمیوں میں صورہ انسٹیچیوٹ کے دو ڈاکٹر بھی شامل ہیں۔