سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے کل آفیسران کی ایک میٹنگ میں سرینگر شہر کے اردگرد سمی رنگ روڈ کی تعمیر کے سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات کاجائزہ لیا۔میٹنگ میں ایڈیشنل کمشنرکشمیر،ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر، چیف انجینئر تعمیرات عامہ، پروجیکٹ ڈائریکٹر ایمپلیمنٹیشن یونٹ آف نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران نے شرکت کی جبکہ پلوامہ ،بڈگام، بارہمولہ،بانڈی پورہ اور گاندربل کے ڈپٹی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میںشرکت کی۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ یہ اہم اور تاریخی پروجیکٹ گالندر پامپور سے منیگام گاندربل تک کل 61کلومیٹر کا احاطہ کرے گا۔میٹنگ کے دوران سمی رنگ روڈ کی تعمیر کے مختلف پہلوئوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور پروجیکٹ کو احسن طریقے سے کامیاب بنانے کیلئے اس میں حائل ممکنہ رکائوٹوں کو دور کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی۔میٹنگ کے دوران صوبائی کمشنر نے آفیسران پر تندہی،لگن اور آپسی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی تلقین کی۔انہوں نے کہا کہ التوأ میں پڑے تمام معاملات کو فوری طور حل کیا جانا چاہیے کیوں کہ وزیر اعلیٰ 25مارچ کو سمی رنگ روڈ کا بنیاد رکھیںگی۔