عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جوگی لنکر رعناواری ، سرائے بالا ، گونی کھن ،امیراکدل اور دیگرکئی علاقوں میں لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے ۔ شہرخاص کے جوگی لنکر رعناواری علاقے کے لوگوںنے کہا کہ پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے نتیجے میں انہیں سخت مشکلات درپیش ہیں ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی مہینوں سے انہیں پانی کی قلت کا سامنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں متعلقہ افسران سے کئی باربات کی گئی تاہم کوئی اقدام نہیں کیا گیا ۔ دریں اثناء سرائے بالا،گونی کھن امیرا کدل کے لوگوں نے بھی شکایت کی کہ گزشتہ کئی روز سے انہیں سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔ اس سلسلے میں مقامی لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔(وی او آئی)