سرینگر//شہر میں ٹریفک کے بوجھ کو کم کرنے کے لئے جموں وکشمیر ہائی کورٹ کی طرف سے 8جون 2017ء کوجاری کی گئی ہدایات کے تحت صوبائی کمشنر کشمیر ،ٹرانسپورٹ کمشنر،وائس چیرمین سرینگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی اورکمشنر سرینگر میونسپل کارپوریشن پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو کہ آپسی تال میل اورتجاویز سے شہر سرینگر میں ٹریفک نظام میں بہتری لانے اور ٹریفک کے بوجھ کو کم کرنے کیلئے لائحہ عمل طے کرے گی ۔ یہ بھی ہدایت دی گئی کہ کمیٹی ہر ماہ ایک میٹنگ کرے گی اور میٹنگ میں متعلقین کو شامل کرکے اُن سے تجاویز طلب کی جائیں گی۔کل کمیٹی کی ایک میٹنگ صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان کی صدارت میں منعقد ہوئی۔میٹنگ کے دوران غیر قانونی آٹو،سومو اور منی بس اسٹینڈ ہٹانے اور انھیں متبادل جگہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اس دوران دکانداروں کی طر ف سے فُٹ پاتھوں اورسڑکوں پر ناجائز تجاوزات کا معاملہ بھی زیر بحث آیا جس کی وجہ سے ٹریفک کی آواجاہی میں رخنہ پڑ رہا ہے۔میٹنگ کے دوران شہر میںمزید ٹریفک لائٹس نصب کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔صوبائی کمشنر نے محکمہ ٹرانسپورٹ،سرینگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی اورسرینگر میونسپل کارپوریشن کو شہر سرینگر کا دورہ کرنے اور تمام غیر قانونی آٹو،سومو اور منی بس سٹینڈوں کی تفصیل جمع کرنے کی ہدایت دینے کے علاوہ اس سلسلے میںرپورٹ پیش کرنے کے لئے کہا تاکہ اس سلسلے میں آگے کی کارروائی کی جاسکے۔صوبائی کمشنر نے شاہرائوں پر کھڑی تما م رکائوٹوں کو بھی ہٹانے کے احکامات صادر کئے۔