سرینگر//مکانات و شہری ترقی و سماجی بہبود کی وزیر مملکت آسیہ نقاش نے کہا ہے کہ سرینگر میں روایتی مچھلی بازاروں کو سمارٹ سٹی منصوبے کے تحت ترقی دی جائے گی۔ان باتوں کا اظہار وزیر موصوفہ نے نگین کلب میں بلیو رولیوشن سکیم کے تحت جھیل ڈل کے 50ماہی گیروں میں بائیسکل تقسیم کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے آسیہ نقاش نے کہا کہ مچھلی بازاروں کو ہماری ثقافت میں ایک اہم حیثیت حاصل ہے جن میں گاڑہ کوچہ زینہ کدل ، گاڈہ ہانز پورہ راجباغ اور گاڑہ بازار سرائے بل شامل ہے۔انہوںنے کہا کہ ان بازاروں کو بڑے پیمانے پر ترقی دی جائے گی تاکہ عام لوگوں کے ساتھ ساتھ سیاح بھی ان کی طرف راغب ہوسکے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت سماج کے پسماندہ طبقوں بالخصو ص ماہی گیروں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے۔انہوں نے کہا کہ جھیل ڈل سے تعلق رکھنے والے 119 ماہر گیروں کو مکان بنانے کے لئے مدد فراہم کی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں حضرتبل حلقے میں50 پرائیویٹ قائم کئے جاچکے ہیں۔بعد میں آسیہ نقاش نے ٹراوٹ فِش فارم داچھی گام کا بھی دورہ کیا اور اس کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ انہیں بتایا گیا کہ رواں سال کے دوران کارپ مچھلی کے 5لاکھ سے زائد بیج جھیل ڈل میں مختلف مقامات پر ڈالے گئے ہیں تاکہ مچھلیوں کی پیداوارمیں اضافہ ہوسکے۔اس موقعہ پر ڈائریکٹر فشریز آر این پنڈتا کے علاوہ محکمہ کے کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔