سرینگر//برف باری کے بعد سرینگر کے کئی علاقوںمیںسڑکوں پر پانی جمع ہونے لوگوں کا عبور و مرور مشکل بن گیا ہے ۔شہر خاص کے کئی علاقوں میں گندے پانی کی نکاسی کا معقول انتظام نہ ہونے کے سبب مختلف گلی کوچے اور مین روڑ سے منسلک سڑکیں زیر آب ہیں جن میں بابہ ڈیمب،راجوری کدل اور اسکے ملحقہ علاقے شامل ہیں ۔آلوچی باغ اور اندرا نگر علاقوں میں بھی برف کا پانی گلی کوچوں میں جمع ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔بٹہ مالو کے اندرونی علاقوں کے ساتھ ساتھ بمنہ کے لوگوں نے اس طرح کی شکایت کرتے ہوئے کہا کہ ناقص ڈرنیج سسٹم کی وجہ سے پانی گلی کوچوں میں جمع ہوگیا ہے۔عیدگاہ،گندر پورہ،ملک صاحب صفاکدل کی بیشتر اندرونی سڑکوں پرایک فٹ سے زائد پانی جمع ہونے سے لوگوں کا عبور و مرور میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق ناقص ڈرینیج سسٹم کی وجہ سے پانی سڑکوں پر دو فٹ سے زائد جمع ہونے سے نہ صرف چلنے پھرنے میں مشکلات در پیش آرہی ہیں بلکہ پانی میں موجود ساری گندگی صحنوں میں جمع ہوکر رہائشی مکانوں کی جانب بڑھ رہی ہے۔گندر پورہ کے مقامی شہری عاقب احمد بٹ نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ گندر پورہ،عید گاہ،ملک صاحب صفاکدل کی تمام اندرونی سڑکیں اور کوچوں میں پانی جمع ہونے سے عبور و مرور میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ساتھ ہی نالیوں کی گندگی بھی صحنوں میں جمع ہونے سے پورے علاقے میں بدبو پھیل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈرینیج سسٹم کے ناکارہ ہونے سے ایسی صورتحال پیدا ہورہی ہے۔مقامی لوگوں نے محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی اور سرینگر میونسپل کارپوریشن سے اپیل ہے کہ وہ پمپوں اور گاڑیوں کے ذریعہ پانی اور گندگی کو علاقے سے باہر نکال دے تاکہ عوام کو راحت مل سکے۔