عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// صوبائی کمشنرکشمیر وجے کمار بدھوری نے بدھ کوآر اینڈ بی کی ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں شمالی سرکل، سرینگر میں زمین کے حصول اور تعمیرات کیلئے بڑی سڑکوں سے رکاوٹوں کو دور کرنے کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں اے ڈی سی سرینگر، ایس ای پی ڈبلیو آر اینڈ بی، کلکٹر پی ڈبلیو آر اینڈ بی، ایگزیکٹیو انجینئر، تحصیلدار اور دیگر افسران نے شرکت کی۔صوبائی کمشنرنے سید میرک شاہ روڈ، خانیار جڈی بل (کے زیڈ پی) روڈ اور سرکلر روڈ پروجیکٹ کی حالت کا جائزہ لیا۔سید میرک شاہ روڈ کے حوالے سے بتایا گیا کہ 332 تعمیرات میں سے 179 کوقبضے میں لیکر آباد کیا گیا اور 145 کنال میں سے 28.77 کنال اراضی واگزار کرائی گئی۔ اس کے علاوہ 750 دکانوں میں سے 302 مقدمات نمٹائے گئے۔اسی طرح کے زیڈ پی روڈ کے بارے میں بتایا گیا کہ سٹرکچرز کے 368 کیسز میں سے 102 نمٹائے گئے اور 118.19 کنال اراضی میں سے 19.50 کے کیسز نمٹائے جا چکے ہیں جبکہ 750 دکانوں میں سے 144 پر قبضہ کر لیا گیا ہے۔علاوہ ازیں سرکیولر روڈ کے حوالے سے بتایا گیا کہ تعمیرات کے 1238 کیسز میں سے 802 نمٹائے گئے اور 242.5 کنال میں سے 150 پر قبضے کے علاوہ 824 دکانوں میں سے 339 کے کیسز نمٹائے گئے۔افسران سے خطاب کرتے ہوئے بدھوری نے متعلقہ لوگوں کو ہدایت کی کہ وہ رکاوٹوں پر کھڑی تعمیرات کو ہٹا کر شہر میں کھلی سڑکوں کو یقینی بنائیں۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سڑکوں کو چوڑا کرنے کے لیے جن تعمیرات کو ہٹانا ضروری ہے ان کی نشاندہی کرکے سات دن کے اندر رپورٹ پیش کریں۔انہوں نے رعناواری میں تعمیر کی جانے والی دکانوں کو جلد از جلد نقل مکانی کرنے والے دکانداروں کے حوالے کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے ایل ڈی ہسپتال میں باؤنڈری وال کی مرمت کے لیے این پی سی سی کو ہدایات بھی دیں۔