عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //سرینگر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں سے مین ہول چوری ہونے کے بڑھتے واقعات کے بیچ سرینگر سمارٹ سٹی لمیٹیڈ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سرینگر اور ایس ایچ او کوٹھی باغ کو خط لکھ کر مجرموں کا سراغ لگانے اور گرفتار ی کیلئے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لینے کی درخواست کی ہے۔حالیہ مہینوں میں سرینگر سے 45 سے زیادہ مین ہول کور چوری ہوئے ہیں، ۔ سی سی ٹی وی کمیروں میں قید تازہ ترین واقعہ ایس بی آئی بینک سے آبی گزر سری نگر تک مصروف ریذیڈنسی روڈ پر 31 جولائی کی ایک مسافر آٹو میں کچھ کور چوری کرتے ہوئے دکھاتا ہے۔چوری کے بڑھتے واقعات کے بیچ سرینگر اسمارٹ سٹی لمیٹڈ کے عہدیداروں نے بتایا کہ یہ چوریاں دسمبر 2024 سے ہو رہی ہیں، جب لنز ریسٹورنٹ سے پولو ویو تک 24 کور چوری کیے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پریس کالونی اور گھنٹہ گھر کے درمیان مین ہول کے پانچ سے زائد کور بھی غائب ہو گئے ہیں۔ سمارٹ سٹی سری نگر ایس ایس سی ایل کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا’’یہ صرف چوری نہیں ہے اور یہ پیدل چلنے والوں اور گاڑی چلانے والوں کو براہ راست خطرے میں ڈالتا ہیُُ ۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس سی ایل انجینئروں کو ذاتی طور پر گزشتہ دو دنوں میں متعدد مین ہولز کو بحال کرنا پڑا تاکہ کسی بھی حادثے کو روکا جا سکے۔ ایس ایس سی ایل نے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سرینگر اور ایس ایچ او کوٹھی باغ کو خط لکھ کر مجرموں کا سراغ لگانے اور گرفتار کرنے کے لیے فوری طور پر ایف آئی آر درج کرنے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لینے کی درخواست کی ہے۔مزید یہ کہ خط میں ان مین ہولز کو محفوظ بنانے کے لیے سخت قانونی کارروائی اور مستقل اقدامات کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔