سرینگر//ضلع سرینگر میں انتظامیہ نے کل سے پالیتھین کے استعمال کے خلاف ایک غیر معمولی مہم کا آغاز کیا ہے اوراس مہم کے تحت پہلے ہی دن 95کلوگرام سے زیادہ پالیتھین کو ضبط کیا گیا۔اس سلسلے میںکل ضلع مجسٹریٹ سرینگر ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ کی صدارت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں اے ڈی سیز اورسرینگر ضلع کے تحصیلداروں کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران نے شرکت کی۔اس موقعہ پر ضلع مجسٹریٹ نے آفیسران کو ہدایت دی کہ وہ پالیتھین پر پابندی کے عدالت عالیہ کے احکامات پر من وعن عملدر آمد کرکے مختلف بازاروںمیں اس مضر صحت اشیأ پر روک لگانے کے لئے خصوصی ٹیموںکو متحرک کریں۔انہوںنے جوائنٹ کمشنر ایس ایم سی کو ہدایت دی کہ وہ ضبط کئے گئے پالیتھین کے بارے میں ضلع مجسٹریٹ کے دفتر کوروزانہ بنیادوں پر رپورٹ پیش کریں۔دریں اثنأ ضلع مجسٹریٹ کی ہدایت پرکل خصوصی ٹیموں نے ضلع سرینگر کے مختلف بازاروں کا معائنہ کیا اورپالیتھین کا استعمال کرنے والوں کے خلاف موقعہ پر ہی کارروائی کی اور مجموعی طور پر 95کلوگرام پالیتھین کو ضبط کیا۔