سرینگر// شہر سرینگر میںٹریفک نظام کو درست کرنے کیلئے ٹریفک پولیس نے لوگوں کا تعاون حاصل کرنے کیلئے متعلقین سے میٹنگوں کا سلسلہ شروع کیا ہے اوراسی سلسلے کی ایک کڑی کے تحت جمعرات کو انسپکٹر جنرل آف پولیس ٹریفک جگجیت کمار نے ٹریڈرس اور ٹرانسپورٹر وں کے ساتھ ایک میٹنگ کی۔میٹنگ میں جہاں ٹریفک پولیس نے ٹریڈروں اور ٹرانسپورٹروں سے شہر میں ٹریفک نظام کو درست کرنے کیلئے کچھ تجاویز سامنے رکھیں وہیں ٹریڈرس اور ٹرانسپورٹروں کے نمائندوں نے بھی اپنی اپنی رائے پیش کی۔میٹنگ میں ایس ایس پی ٹریفک سٹی سرگن شکلا ،ایڈیشنل ایس پی ٹریفک سجاد احمد شاہ ،کشمیر اکنامک الائنس کے چیرمین محمد یاسین خان ،کشمیر موٹر ڈرائیورس ایسوسی ایسن کے جنرل سیکرٹری جی ایم بٹ ،منی بس فیڈریشن کے چیرمین شیخ محمد یوسف ،لال چوک ٹریڈرس ایسوسی ایشن کے صدر دین محمد متو کے علاوہ دیگر ٹرانسپورٹ اور ٹریڈرس ایسوسی ایشنوں کے نمایندے موجود تھے ۔میٹنگ میںموجود شرکاءنے شہر سرینگر میں ٹریفک سے متعلق مسائل جن میں سڑکوں پر کثیر تجاوزارت ،ناکافی پارکنگ جگہیں ،جگہ جگہ پر مسافروں گاڑیوں کا رُکنا ،بٹہ مالو میں بھاری بھیڑ ،سومو گاڑیوں کی بھر مار ،پرمٹ نظام وغیرہ پر بحث کی اورافرادی قوت کی کمی،غیر مجاز پرمٹ ،ناجائز تجاوزات ہٹانے اور ٹریفک کی بلا خلل نقل حمل کو یقینی بنانے پر زور دیا اور اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون دینے کی یقین دہانی کرائی اور بہتر نتائج کی امید ظاہر کی ۔اس موقعہ پر تاجر طبقے نے آئی جی پی ٹریفک سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اصلاحی اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ ایجنسیوں کے ساتھ پارکنگ اوربہتر سڑکوں کی تعمیر کے معاملے اٹھائے جائیں ۔آئی جی ٹریفک نے انہیں یقین دلایا کہ وہ ہرممکن مدد فراہم کرنے کی کوشش کریں گے ۔انہوں نے شرکاءمیٹنگ سے شہر سرینگر میں ٹریفک نظام کو کار گر بنانے کیلئے کی جارہی کوششوں میں تعاون طلب کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں افراد قوت بڑھا دی جائے گی ۔