سرینگر//وزیر مملکت برائے مکانات و شہری ترقی ، صحت و طبی تعلیم و سماجی بہبود آسیہ نقاش نے کل پارمپورہ بس اڈے کا دورہ کر کے وہاں شہر میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کیلئے اٹھائے جا رہے اقدامات کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ بٹہ مالو سے جنرل بس سٹینڈ کو پارمپورہ منتقل کرنا شہر میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کیلئے ایک اہم قدم ہے ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ٹرانسپورٹروں کو تمام سہولیات بہم رکھنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے ٹرمنل کے اندر اور ارد گرد تمام راستوں پر میکڈم بچھانے کے عمل میں سرعت لانے کی بھی ہدایت دی ۔ اس موقعہ پر انہیں بتایا گیا کہ ویسٹرن بس سروس کی 60 بسیں جوضلع بڈگام میں مختلف علاقوں پر چلائی جا رہی ہیں ، کو پہلے ہی ریجنل بس سٹینڈ پارمپورہ منتقل کیا گیا ہے ۔ اسی طرح کشمیر موٹر ڈرائیورز ایسوسی ایشن کی 40 بسیں جو ضلع گاندر بل کے سونہ مرگ ، گنڈ اور کنگن علاقوں کیلئے چلائی جا رہی ہیں ، اُن کو بھی پارمپورہ بس ٹرمنل منتقل کیا گیا ہے ۔ کے ایم ڈی اے کے چئیر مین اور دیگر انجمنوں نے آسیہ نقاش کو نئے بس سٹینڈ میں بہتر سہولیات کے قیام کی مانگ کی ۔ اس سے قبل وزیر نے حضرت بل ۔ بژ ھ پورہ سڑک کی توسیع پر جاری کام کا جائیزہ لینے کیلئے میٹنگ طلب کی ۔ جس میں ڈپٹی کمشنر سرینگر ، وائس چئیر مین لاڈا کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔ دورانِ میٹنگ ملازمین نے سڑک کی توسیع کیلئے نشاندہی کئے گئے چند ڈھانچوں کے انہدام کی ضرورت سے وزیر کو آگاہ کیا ۔وزیر نے اس سلسلے میں لازمی اجازت کے حصول کیلئے کاروائی فوری طور شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے رعنا واری میںزند شاہ مسجد سڑک کی توسیع اور میریج ہال کی تعمیر کیلئے اراضی کے حصول کا کام بھی شروع کرنے کیلئے کہا ۔