بلال فرقانی
سرینگر// محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کی جانب سے اضافی قیمتوں میں گوشت فروخت کرنے والے قصابوں کے خلاف کریک ڈائون کا سلسلہ جاری ہے۔جمعرات کو شہر میں مزید9قصابوں کی دکانات کو سربمہر کیا گیا انفورسمنٹ ونگ کے سربراہ مشتا ق احمد وانی کی ہدایت میں شہر کے کئی علاقوں میں قصابوں کی دکانات کا معائنہ کیا گیا،جس کے دوران مزید9 دکانات کو سیل کیا گیا۔ مشتاق احمد وانی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شہر میں اضافی قیمتوں پر گوشت فروخت کرنے والے قصابوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی گئی اورایک ہفتے میں64قصابوں کی دکانات کو سربمہر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ نے قصاب و ہول سیل مٹن ڈیلروں کی انجمن کو اعتماد میں لیکر2021میں گوشت کی قیمت535روپے فی کلو بغیر اجڑی مقرر کی تھی،تاہم خریداروں سے مسلسل شکایتیں موصول ہو رہی تھی کہ قصاب سرکاری نرخ نامے کے برعکس600روپے سے650روپے تک فی کلو گوشت فروخت کرتے ہیں۔