سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے کل مولانا آزاد روڈسرینگر میں فلوریکلچر پارک میں ایک پیڑ لگاکر شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر،ڈائریکٹر فلوریکلچر اور محکمہ جنگلات ومحکمہ تعلیم کے افسران اوررضاکار تنظیموں کے ممبران کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر نے کہاکہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر پارکوں اور سڑک کناروں پر زیادہ سے زیادہ تعداد میں پودے لگائے جارہے ہیں تاکہ شہر کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے علاوہ ماحولیاتی تواز ن بھی برقرار رکھا جاسکے۔صوبائی کمشنر نے آفیسران پر تعلیمی اداروں میں سیمناروں کا اہتمام کرنے پر زوردیا تاکہ طلبأ وطالبات کو شجرکاری کی اہمیت سے روشناس کیاجاسکے۔انہوںنے ایسے سکولوں اورکالجوں کی نشاندہی کرنے پر بھی زوردیا جہاں پودے لگائے جاسکتے ہیں۔اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاکٹر فاروق احمد لون نے بھی ایک پیڑ لگایا ۔