سرینگر//حکام نے جمعہ کو شہر سرینگر میں مرحوم میرواعظ محمد فاروق اورمرحوم عبد الغنی لون کی برسیوں کے موقع پر جاری کورونا کرفیو میں سختی لائی۔
عینی شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے نیوز ایجنسی کے این او نے لکھا کہ حکام نے عوام کو گھروں تک محدود رکھنے کیلئے جاری پابندیوں میں مزید سختی لائی ہے۔اس غرض کیلئے پولیس اور نیم فوجی اہلکاروں کی اضافی نفری کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے جنہوں نے سڑکوں پر خار دار دار کی رکاوٹیں کھڑی کی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ سابق میر واعظ محمد فاروق کو21مئی کو اُن کی رہائش گاہ واقع نگین میں گولیاں مار کر جاں بحق کیا گیا۔ بعد ازاں مرحوم میر واعظ کی 12ویں برسی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب کے دوران عبد الغنی لون کو عید گاہ سرینگر میں گولیاں مار کر جاں بحق کیا گیا۔
دریں اثناءآج ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد کو بھی ڈاون ٹاون سرینگر میں عائد پابندیوں کی رپورٹنگ سے روکتے ہوئے وہاں جانے سے روکا گیا۔