سرینگر// شہری ترقی کی وزیر آسیہ نقاش نے سرینگر میونسپل کارپوریشن کو شہر میں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں کے کام میں سرعت کانے کی ہدایت دی تاکہ شہر میں لوگوں کو کارپوریشن کی طرف سے فوری سہولیات کی فراہمی یقینی بن سکے۔وزیرنے سرینگر میونسپل کارپوریشن کے آفیسران کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی اور شہر میں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران آسیہ نقاش کو امرُت،سوچھ بھارت مشن،جہلم توی فلڈ ریور پروجیکٹ،سمارٹ سٹی پروجیکٹ،کتوں کی بدعت پر روکتھام اوردیگر سکیموں کی پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی گئی۔وزیر موصوفہ نے شہر میںترقیاتی کاموںکی عمل آوری میںسرعت لانے کی ہدایت دی تاکہ عام لوگوں کو دقتوںکا سامنا نہ کرنا پڑے۔وزیر موصوفہ کو سوچھتا ایپ کے بارے میں بھی جانکاریدی گئی جس کا آغاز عنقریب ہی کیاجارہا ہے۔اس موقعہ پر کمشنر ایس ایم سی نے سوچھ بھارت مشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایم سی کو 19193درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میںسے 4043درخواستوں کو درست قرار دئے جانے کے بعد منظور کیا گیا۔ان میں منظور شدہ درخواستوں کے تحت 500سے زیادہ انفرادی مکانوں میں بیت الخلأ تعمیر کئے گئے ہیں۔گرمائی راجدھانی کو جاذب نظر بنانے کے لئے آسیہ نقاش نے کمشنر ایس ایم سی کو شہر میں سبزہ زاروں کے قیام کے لئے سپیشل ایکشن پلان ترتیب دینے کی ہدایت دی۔انہوںنے انجینئروں پر شہر میں 34مقامات پر انٹلجنٹ ٹریفک سسٹم نصب کرنے کے احکامات دئیے۔میٹنگ میں کمشنر ایس ایم سی،جوائنٹ کمشنر اورسیکریٹری کے علاوہ دیگر متعلقہ انجینئر اور آفیسران بھی موجود تھے۔