سرینگر// شہر میں گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد سے جہاں آئے روز ٹریفک جام نے لوگوں کی ناک میں دم کردیا ہیں وہیں سرینگر شہر میں ماحولیاتی آلودگی میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے ۔محکمہ پولیوشن کنٹرول بورڈ کے ذرائع نے بتایا کہ شہر میںموسم گرما کے دوران ہوا کی آلودگی میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے اور اس کی سب سے بڑی وجہ گاڑیوں سے نکلنے والے دھواں ہے ۔محکمہ ٹرانسپورٹ سے دستیاب اعداد و شمار کے مطابق سرینگر میں ساڑھے 3لاکھ گاڑیاں رجسٹر ہیں جبکہ گذشتہ ایک سال کے دوران تقریبا ایک لاکھ گاڑیوں کی رجسٹر یشن ہوئی ۔شہر میں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں، بار بار ٹریفک جام اور ٹریفک کواحسن طریقے سے چلانے کیلئے کوئی بھی نظام دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی کافی حد تک بڑھ گئی ہے۔ محکمہ پولیوشن کنٹرول بورڈ کی جانب سے چند ماہ قبل ہوا میں موجود آلودگی کا معائنہ کرنے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ شہر سرینگر میں آلودگی کی سطح 100پوئنٹس تک پہنچ گئی ہے۔بورڈ کی جانب سے جہانگیر چوک، کرن نگر ، بٹہ مالو اور بال گارڈن میںکی گئی جانچ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ان علاقوں میں کافی حد تک آلودگی بڑھ گئی ہے۔ماہرین کا ماننا ہے کہ شہر سرینگر میں آلودگی کی بڑی وجہ ترقیاتی منصوبے، بار بار ٹریفک جام اور ٹریفک کو احسن طریقے سے چلانے والے نظام کے فقدان کی وجہ سے آلودگی بڑھ گئی ہے۔(کے این ایس)