سرینگر//شہر سرینگر میںمحرم الحرام کے جلوسوں پر پابندی کو سختی کے ساتھ یقینی بنانے کیلئے مسلسل دوسرے روز 13پولیس اسٹیشنوں کے تحت آنے والے علاقوں میں پابندیاں عائد رہیں۔ البتہ ٹریفک اور عام زندگی کی معمولات پر کوئی اثر نہیں پڑا۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ قد غنیں اتوار کو یوم عاشورہ کے موقعے پر بھی جاری رہیں گی، البتہ پائین شہرکے بوٹہ کدل لعل بازار علاقے سے نکلنے والے روایتی جلوس پر کوئی پابندی عائد نہیں ہوگی۔شیعہ برادری سے وابستہ لوگوں نے سرینگر میں9محرم الحرام کے سلسلے میں تعزیہ کے جلوس نکالنے کا پروگرام مرتب کیا تھا۔تاہم ممکنہ احتجاج کے خدشہ کے پیش نظر شہر کے بیشتر علاقوں میں بندشیں عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اس سلسلے میں اگر چہ جمعہ کو شہر میںصرف8پولیس تھانوں کے تحت آنے والے علاقوں میں لوگوں کی آمدورفت محدود رکھی گئی، تاہم سنیچر کو نوہٹہ، مائسمہ، رعناواری، خانیار، مہاراج گنج، صفا کدل، شہید گنج، کوٹھی باغ، کرالہ کھڈ، رام منشی باغ(ڈلگیٹ علاقہ)،شہید گنج، شیر گڑھی، کرن نگر اور بٹہ مالو پولیس تھانوں کے تحت آنے والے متعددعلاقوں میں پابندیاں عائد کر رکھی تھیں ۔یہ پابندیاں اتوار کو یوم عاشورہ کے موقعے پر بھی جاری رہیں گی، البتہ ان کا کہنا تھا کہ پائین شہر کے حسن آباد علاقے سے ذوالجناح کے روایتی جلوس پر کوئی پابندی عائد نہیں ہوگی۔