سرینگر//تعمیراتِ عامہ کے وزیر نعیم اخترنے بدھ کو شہری عبورو مرور کے منظرنامے میں مثبت بدلائو لانے کے حوالے سے ایک روزہ ورکشاپ کا افتتاح کیا۔یہ ورکشاپ ایس ایم سی کی طرف سے منعقد کیا گیا تھا۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے پوری وادی بشمول شہر سرینگر میں بلاخلل آواجاہی سے جڑے امور پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ روایتی آبی ٹرانسپورٹ ذرائع کو بحال کیا جانا چاہئے جس سے دور حاضر میں نظر انداز کیا جاچکا ہے۔انہوں نے شہر میں احسن عبورو مرور اور پید ل چلنے والوں کیلئے جگہ قائم کرنے کیلئے پورے شہر کی مناسب منصوبہ بندی کرنے کی وکالت کی۔ اس موقعہ پرصوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے کہا کہ ورکشاپ کے دوران ماہرین کے ساتھ باہمی تبادلہ خیال سے یقینی طور پر شہری عبور و مرور کے ذرائع میں بہتری لانے کے طریقے سامنے آجائیں گے ۔کمشنر ایس ایم سی ڈاکٹر شفقت خان نے اپنے افتتاحی خطبے میں کہا کہ ایس ایم سی سرینگر کو ایک سمار ٹ سٹی کے طور پر دیکھنے کا متمنی ہے اور شہری موبائیلٹی میں بہتری لانے کے بغیر شہر سرینگر کو ایک سمارٹ سٹی بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ۔ایس ایس پی ٹریفک سرینگر سرگن شکھلا کے علاوہ مختلف اداروں کے نمائندے اور کئی افسران بھی موجود تھے۔