سرینگر// سرینگر میونسپل کارپوریشن نے شہر سرینگر میں سڑکوں کے کناروں پر مرغوں اور چھوٹے جانوروںکو ذبح کرنے پر پابندی عائد کی ہے اور کارپوریشن کی ویٹرنری ونگ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ شہر میںسڑکوں پر مرغوں اور چھوٹے جانوروں کو ذبح نہ کیا جائے۔اس سلسلے میں ایس ایم سی کمشنر ڈاکٹر شفقت خان نے کل میونسپل ویٹرنری سٹاپ کے ساتھ ایک میٹنگ کی جس میں یہ فیصلہ لیا گیا کہ شہر سرینگر میں سڑکوں کے کناروں پر خالی جگہوں پر پولٹری اور چھوٹے جانوروں کو ذبح کرنے پر مکمل پابندی عائد کی جائے ۔اس سلسلے میں کارپوریشن کی ویٹرنری ونگ کو یہ ذمہ داری سونپی گئی کہ وہ پولٹری ڈیلرس اور مرغ فروشوں تک یہ نوٹس پہنچائیں اور انہیں بتائیں کہ وہ مرغوں کا فضلہ ،اعضا ،خون اور ٹانگوں کو سڑکوں اور ڈرینوں میں نہ پھینکیں ۔جس کی وجہ سے ڈرینوں میں پانی کی نکاسی میں رکاوٹ آتی ہے اور ماحول کو بھی آلودہ ہوتا ہے۔ڈاکٹر شفقت خان نے کہا کہ اس طرح کی غیر قانونی تجارت پر دفعہ318,322,324 میونسپل کارپوریشن ایکٹ 2000 کے تحت پابندی عائد کی جارہی ہے اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے دکان سیل کئے جائیں گے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔