یو این آئی
سرینگر// وادی کشمیر میں اتوار کے روز دیوالی کا تہوار مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ دیپاولی کے موقع پرسرینگر اور جموں شہروں اور اس کے مضافات میں مٹھائی کی دکانوں، شاندار شاپنگ مالز، گفٹ اسٹورز، میگا اسٹورز اور گھریلو سجاوٹ کے سامان، کپڑوں، لوازمات اور کھلونوں کا کاروبار کرنے والے شو رومز پر زبردست رش دیکھنے میں آیا۔ڈیزائنر خوشبودار موم بتیاں، دئیے (بشمول مٹی کے لیمپ)، اگربتیاں، بنٹنگز، فانوس اور پوجا کے دیگر لوازمات فروخت کرنے والی دکانوں پر تیزی سے فروخت ہوئی۔جموں میں حکومت نے پٹاخوں کی فروخت کے لیے اسٹال لگانے کے لیے جگہیں مختص کی تھیں، جبکہ شہر سرینگر میں مہاراجہ بازار میں پٹاخوں کی دکانوں پر بھاری رش تھا۔وادی میںسیکورٹی فورسز اہلکاروں نے اپنے اپنے کیمپوں میں دیوارلی کا تہور انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منایا ۔اتوار کی شام شہر سرینگر میں سیکورٹی فورسز کے کیمپوں میں پٹاخے سرکے گئے اور آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔آلوچی باغ، اندرا نگر، سونہ وار، بٹہ وارہ جواہر نگر، گوگجی باغ، چھانہ پورہ، صنعت نگر ، لالچوک، ہری سنگ ھ ہائی سٹریٹ، بٹہ مالو، بمنہ،بادامی باغ اور دیگر متعدد علاقوں میں شام کے بعد پٹاخے سرکنے کا سلسلہ شروع ہوا جو دیر تک جاری رہا۔مندروں میں چراغاں کیا گیا اور گھروں کے باہر بھی دیپ جلائے گئے۔روشنیوں کا تہوار دیوالی جو دیپاولی کے نام سے بھی معروف ہے ، ہندوں کے ایک عقائد کے مطابق بھگون رام چندر جی کے چودہ سال کی جلاوطنی اورلنکا پر فتح پا کر جب ایودھیا میں واپس لوٹے تو ان کے خیر مقدم میں سارے شہر کو چراغوں سے روشن کیا گیا اور جشن منایا گیا۔ اسی جشن کو دیوالی کے طورپر منایا جاتا ہے۔ اس لئے اس تہوار کو اندھیرے پر روشنی ، نادانی پر عقل اور برائی پر اچھائی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔دیوالی کاتہوار پانچ دن کا تہوار ہے جو دھنتیرس سے شروع ہوتا ہے۔ ہندو پیرو کار گھروں میں مرمت، تزئین و آرائش اور رنگ و روغن کرتے ہیں، مندروں کو بھی خوبصورتی کے ساتھ سجایاجاتا ہے اور خصوصی پوجا پاٹھ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔دیوالی کے دن ہندو پیرو کار ، دئے جلاتے ہیں، یہ دئے گھروں کے اندر باہر اور گلیوں میں بھی رکھے جاتے ہیں، دولت اور خوشحالی کی دیوی لکشمی ماتا کی پوجا کی جاتی ہے اور پٹاخے سرکے جاتے ہیں۔ بعد میں اجتماعی دعوتوں کا اہتمام کیا جاتا ہے، مٹھائیاں تقسیم کی جاتی ہیں، دوست و احباب اور پڑوسیوں کو مدعوں کیا جاتاہے ، تحفے تحائف تقسیم کئے جاتے ہیں۔ بتادیں کہ دیوالی کاتہوار ہندو مذہب کا سب سے بڑا تہوار ہے جس کو اس مذہب سے وابستہ لوگ دنیا بھر میں انتہائی مذہبی جوش و خروش اور احترام و عقیدت سے مناتے ہیں۔