سرینگر //پی ڈی پی کے ضلع صدر و ایم ایل سی محمد خورشید عالم نے شہر خاص کا دورہ کر کے وہاں مختلف تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا ۔انہوں نے حلقہ انتخاب خانیار حمام بل، نہام پورہ، کاکہ محلہ اور روڈہ پورہ علاقہ جات میں سڑکوں پر تارکول اور دیگر جاری کاموں میں سرعت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی شہر خاص کی عظمت رفت بحال کرنے میں پوری طرح سے کوشاں ہے اور شہر خاص کو ایک خاص مقام دلانے میں پی ڈی پی ہمیشہ سے ہی سنجیدہ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی قیادت میں حکومت نے اگرچہ شہر خاص میں کئی اہم تعمیراتی کاموں کو ہاتھ میں لیکر تعمیر و ترقی کا ایک جال بچھا دیا ہے لیکن کئی مفاد خصوصی والے ان کاموں کا اپنے کھاتے میں ڈالنے کی مذموم کوششیں کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر خاص کی عوام انکی ان مذموم حرکتوں اور چالوں سے بخوبی واقف ہیں۔ محمد خورشید عالم نے محرم الحرام کے پیش نظر حکومت کی طرف سے کئے جارہے انتظامات اور اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ ان ایام میں متعلقہ محکموں کو پوری سرعت اور تندیہی سے کام کرکے عوام کو تمام سہولیات بہم رکھنے میں اپنی کاوشیں بروئے کار لائیں ۔