سرینگر //نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکرٹری علی محمد ساگر نے حلقہ انتخاب خانیارمیں مختلف امام باڑوں کا دورہ کر کے وہاں محرم کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ساگر اس دوران امام باڑہ شمسواری کے علاوہ خانقاہ معالیٰ ، شیش گری محلہ خانیار، شریف کوئی پورہ ،نوپور دولت آباد نوپورہ اور کمانگر پورہ صراف گئے۔ اُن کے ہمراہ مختلف محکموں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔ساگر نے موقع پر ہی انتظامیہ سے وابستہ حکام سے تاکید اور ہدایت دی کہ وہ ایام محرم میں شیعہ آبادی والے علاقوں میں بغیر خلل بجلی پینے کے پانی، صحت و صفائی فسٹ ایڈ ، ایمبولینس گاڑیاں واٹر ٹینکر اور ڈاکٹروں کی ٹیمیں دستیاب رکھیں ۔ اس کے علاوہ ساگر نے ان علاقوں میں کافی مقدار میں چاول آٹا ، کھانڈ ، رسوئی گیس ، مٹی کا تیل اور ایندھن بھی دستیاب رکھنے کی ہدایت دیں ۔ساگر نے اس دوران اُن علاقوں میں جہاں علم شریف اور زوالجنا کے جلوس نوحہ خوانی مرثیہ خوانی کی مجالس دن رات جاری رہتی ہیں کیلئے دو سو لائٹنگس لگانے کی بھی موقع پر ہدایت دی ۔ساگر نے اس دورا ن حکومت کے ان اقدامات اور احکامات کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی جن کے تحت بار بار شہر خاص ڈاون ٹاون میں کرفیو بندشیں اور تاریخی جامع مسجد نوہٹہ میں نماز جمعہ پر قد غنیں لگانے کی صادر کرتے رہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف یہاں کاروبار بھی متاثر ہوتا ہے بلکہ وادی کے لوگ گزشتہ تین برسوں سے عدم تحفظ کے شکار بھی ہیں ۔