سرینگر//مسلم لیگ نے جامع مسجد کے احاطے میں پیش آئے محمد ایوب پنڈت کے واقعہ کے بعد پائین شہر میں معصوم اور بے گناہ نوجوانوں جن میں عادل زرگر، اقبال احمد خان، مومن نبی، داؤد فیاض، سیرت اللہ، جنید احمد، ارسلان مشتاق، عروج آفاق، سمیر احمد، اویس احمد، شیخ ولید، مصور احمد، دانش احمد، مبشر احمد، دانش حسین، بلال احمد، طالب حسین، فیصل منظور اور حارث حسین کو شک کی بنیاد پر گرفتار کرنے کو بے انصافی قرار دیتیا۔ لیگ گرجمان سجاد ایوبی نے کہا کہ واقعہ پیش آنے کے بعد جس طرح لاتعداد نوجوانوں کو ایک ہی لاٹھی سے ہانکنے کی کوشش کی گئی وہ صریحاََ نا انصافی ،قابل مزمت اور قابل تشویش معاملہ ہے جس کا مقصد صرف یہ ہے کہ پائین شہر میں حق خودارادیت کی اٹھنے والی موثر آواز کو خاموش کیا جاسکے ورنہ لاتعداد طالب علموں کے تعلیمی کیرئیر کو قید خانے میں برباد کرنے کے پیچھے کون سے عوامل کارفرما ہیں۔سجاد ایوبی نے کہا کہ ایک طرف نوجوانوں کو تعمیر و ترقی، روزگار اور امن کے سہانے خواب دکھا کر ورغلایا جارہا ہے وہی دوسری طرف انہی نوجوانوں کو بے بنیاد، من گھڑت اور فرضی کیسوں میں پھنسا کر خرمنِ امن میں آگ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے کیونکہ ان نوجوانوں کو بے وجہ تنگ و طلب کرنے کی وجہ سے ان کی زندگیاں اجیرن بن رہی ہے جس سے ان مذموم پالیسیوں کے تئیں نوجوانوں کی نفرت میں مزید اضافہ ہورہا ہے۔ترجمان نے کہا کہ معصوموں اور بے گناہوں کے گھروالوں کو خوامخواہ پریشانی میں مبتلا کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے وہ خطرناک راستہ اختیار اور انتخاب کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔لہذا اس سے پہلے کہ حالات بگڑنے کے خدشات پیدا ہوجائیں ،فوری طور ان گرفتاریوں پر روک لگائی جائے اور تھانوں میں بند بے گناہ نوجوانوں کو بلا تاخیر رہا کیا جائے۔