سرینگر//مخلوط حکومت نے شہر خاص میں سابق نیشنل کانفرنس حکومت کے لگ بھگ تمام پروجیکٹوں پر کام روک دیا ہے ۔ حکمرانوں کی طرف سے بار بار یقین دہانیوں کے باوجود بھی کام بحال نہیں ہورہاہے، کئی سڑک پروجیکٹ، عمارتوں کی تعمیر اور دیگر تعمیر و تجدیدی کا کام ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔ ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری و ممبر اسمبلی علی محمد ساگر نے شہر خاص کے درجنوں علاقوں کے دورے کے دوران عوام کے ساتھ تبادلہ خیالات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے خانقاہِ معلی کے آرائشی پلان، جہلم بنڈوں کو جاذب نظر بنانے اور بڈشاہ ٹامب ،تاریخی قبرستان اور دیگر مقامات پر تعمیر و ترقی کے کاموں پر جاری کاموں کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ یہ پروجیکٹ عوامی آرام و آسائش کیلئے شروع کئے گئے تھے۔ ساگر نے کہا کہ کئی بار حکومت کی نوٹس میں لانے کے باوجود بھی کوئی پیش رفت نہیں ہورہی ہے، وزراء یہاں تک کہ وزیر اعلیٰ کی یقین دہانیوں کے بعد بھی کام بحال نہیں ہورہا ہے۔ انہوں نے لوگوں کے ساتھ براہ راست بات کی اور اُن کے مسائل و مشکلات کی جانکاری حاصل کی اور موقعہ پر ہی متعلقہ حکام کو ان کا سدباب کرنے کی تاکید کی۔ لوگوں نے جگہ جگہ پر راشن اور پانی کی قلت اور بجلی کی نایابی کے بارے میں شکایات کی ۔ اس کے علاوہ لوگوں نے سڑکوں کی خستہ حالی پر بھی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری وادی میں اس وقت پانی کیلئے ہاہاکار ہے لیکن حکمران ٹس سے مس نہیں ہورہے ہیں۔