سرینگر//حریت (ع) ترجمان نے ریاستی حکمرانوں کی جانب سے شہر خاص کے بیشتر علاقوں میںکرفیو جیسی بندشوں اور پابندیوں کے نفاذ کو ریاستی انتظامیہ کی فسطائی ذہنیت سے عبارت کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر میں کہیں پر کوئی بھی واقعہ رونما ہو تو شہر خاص کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ یہ ریاستی حکمرانوںکا وطیرہ بن گیا ہے کہ وہ بار بار شہر خاص کو بندشوں کے دائرے میں رکھ کر لاکھوں آبادی پر مشتمل لوگوں کے نقل و حمل کو مسدود کرنے کی انتقام گیرانہ پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔ترجمان نے کہا کہ یہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ ریاستی حکمران امن و قانون کو بہانہ بناکر آئے روز اس پورے علاقے کو بندشوں کے دائرے میں لاکر لوگوں کی مشکلات اور مصائب میں جہاں اضافہ کررہے ہیں وہاں بیماروں اور معصوم بچوں کو بھی سخت تکلیف اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑر ہا ہے جو ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے۔ترجمان نے کہا کہ ریاستی حکمرانوں کی ان جارحانہ کارروائیوں سے شہر خاص کے حریت پسند عوام کے عزم اور استقلال کو کمزور نہیں کیا جاسکتا اور نہ دھونس دبائو ، بار بار کرفیو، بندشوں اور قدغنوں کا نفاذ کرنے سے انکے تحریک مزاحمت سے وابستگی کے جذبے کو کم کیا جاسکتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ یہ ریاستی حکمرانوںکی پالیسی بن گئی ہے کہ وہ بار بار کوئی نہ کوئی بہانہ بناکر ریاستی عوام کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنارہے ہیںاور اس طرح ان کو تحریک مزاحمت سے وابستگی کی سزا دی جارہی ہے ۔