سرینگر//حریت (ع)کے ترجمان نے ریاستی حکمرانوں کی جانب سے ایک آمرانہ اور مذموم منصوبے کے تحت آئے روز کسی نہ کسی بہانے شہر خاص میں کرفیو اور بلا جواز بندشوں کے نفاذ ، عام لوگوں کی نقل و حرکت پر عائد پابندی کو غیر جمہوری اور لوگوں کے بنیادی حقوق کو سلب کرنے کے مترادف قراردیتے ہوئے اس کے خلاف سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ترجمان نے آئے روز سرکاری سطح پر سب سے پہلے سرینگر کے شہر خاص کو نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ حریت (ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کی گزشتہ کل لگاتار13 دن کی نظر بندی کے بعد ایک دن کی رہائی اور پھرگزشتہ کل سہ پہر سے انہیں خانہ نظر بند کردینے کی کارروائی کو حد درجہ افسوسناک قرار دیتے ہوئے اسکی شدید مذمت کی۔ترجمان نے سینئر حریت رہنما مختار احمد وازہ کی رہائی کے بعد ایک بار پھر ان کو گرفتار کرکے تھانہ صدراسلام آباد میں مقید رکھنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں آئے روز کسی نہ کسی بہانے پابند سلاسل کر دیا جاتا ہے جو کہ ہر لحاظ سے غیر جمہوری اور غیر اخلاقی ہے ۔ترجمان نے کشمیر کے ایک معروف اور سرکردہ ٹریڈ یونین رہنما الحاج بشیر احمد گنائی کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے سماج اور سوسائٹی کے تئیں ان کی گرانقدر خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا۔میرواعظ نے بذریعہ فون مرحو م کے فرزند ڈاکٹر شاہد اقبال کے ساتھ تعزیت کی اور لواحقین اور پسماندگان کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا اور اللہ تبارک و تعالیٰ سے مرحوم کی مغفرت اور جنت نشینی کیلئے خصوصی دعا کی۔
بٹہ مالو میں گاندربل کا شہری لاپتہ
سرینگر//بٹہ مالو میںگاندربل کا ایک شہری 11فروری سے لاپتہ ہے جس کے نتیجہ میں لواحقین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ واکورہ گاندربل کے 28سالہ محمد افضل بابا ولد بٹہ مالو میں مستری (ڈینٹر) کا کام کرتا ہے۔مختار احمد نے پولیس تھانہ بٹہ مالو میں تحریری شکایت درج کی کہ اس کا بیٹا 11فروری سے لاپتہ ہوگیا ہے جس کے باعث افراد خانہ میں اس کی سلامتی کو لیکر تشویش پائی جارہی ہے۔ اس سلسلہ میں پولیس نے گمشدہ رپورٹ درج کرکے مذکورہ شہری کی تلاش شروع کی ہے۔ پولیس نے کہا کہ اگر کسی شخص کو مذکورہ گمشدہ لڑکے کے بارے میںکوئی علمیت ہو تو بذیل نمبرات9596222550, 9596222551, 01942477568 یا پھر ڈائل 100پر رابطہ کریں۔
آغا حسن کا اظہار تعزیت
سرینگر//انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن نے تنظم کے صدر محلہ گاسی یار جڈی بل غلام محمد ڈار کی وفات پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیاہے۔موصوف تنظیم کے ایک دیرینہ اور فعال کارکن تھے۔ آغا حسن نے موصوف کے تنظیمی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور بلند درجات و جنت نشینی کی دعا کی۔