سرینگر//مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے آج مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔ یہ کال کپواڑہ کی مصرہ بانو وآصف اقبال‘ شوپیا ن کی مسماۃ بیوٹی جان نیز راجستھان میں مارے گئے معصوم کشمیری جوان زاہد احمد بٹ کے بہیمانہ قتل کے خلاف دی گئی ہے۔ گیلانی، میرواعظ اور ملک نے کہا ہے کہ بہیمانہ قتل عام کایہ سلسلہ اب حد سے گزر چکا ہے اور کشمیری مزید اس قتل عام کو ٹھنڈے پیٹوں برداشت نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ چند روز قبل ایک خاتون مصرہ بانو کو گولیوں سے چھلنی کردیا گیا اور کراس فائرنگ کا بہانہ تراش کر اس پر پردہ ڈالنے کی سعی کی گئی۔ کچھ ہی روز گزرے تھے کہ ایک اور معصوم جوان آصف اقبال جو ڈرائیور ی کرکے اپنی روزی روٹی کمارہا تھا کو بھی یہی مفروضہ تراش کر گولیوں سے بھون دیا گیا۔ابھی ان دونوں معصومین کا لہو تروتازہ ہی تھا کہ شوپیان میں ایک اور جوان سال خاتون مسماۃ بیوٹی جان زوجہ منظور احمد میر گولیوں کا نشانہ بنائی گئی اور کئی دوسرے لوگوں کو گولیاں مار کر مجروح کردیا گیا جن میں کئی ایک کی حالت انتہائی نازک بنی ہوئی ہے ۔اس کے ساتھ ساتھ راجستھان میں بھی ایک معصوم کشمیری زاہد احمدبٹ کو جبر کی بھینٹ چڑھا کر شہید کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج ہوں یا سفاک فورسز اہلکار یا ظلم کی کلہاڑی کا دستہ بنی ہوئی پولیس ‘ سبھی کا واحد کام کشمیریوں کو قتل کرنا بن چکا ہے کیونکہ ان فورسز اور افواج کو نہ ہی مواخذے کا کوئی خوف ہے اور نہ کسی اخلاقی حد کی کوئی فکر لاحق ہے۔مشترکہ قائدین نے کہا کہ ظلم و جبر حد سے گزر جائے تو اس کا خاتمہ لازمی بن جاتا ہے اور اسی اَبدی قانون کے تحت بھارت کا یہ ظلم بھی فنا ہوکر رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج کے ہاتھوں جاری قتل عام کی موجودہ لہر کے خلاف آج بدھوار‘ 20؍دسمبر کو ایک روزہ احتجاجی ہڑتال کی جائے گی جس کے ذریعے معصوم خاتون مصرہ بانو، معصوم جوان آصف اقبال،شوپیان کی خاتون بیوٹی جان اور راجستھان میں شہید کئے گئے معصوم کشمیری زاہد احمد اور دوسرے معصومین کے قتل عام کے خلاف آواز بلند کی جائے گی۔ عوام الناس سے اپیل ہے کہ وہ مکمل اور ہمہ گیر ہڑتال کریں اور اپنے کاروبار، دفاتر، ٹرانسپورٹ اور دوسری سرگرمیوں کو معطل کرکے ظلم و جبر کے خلاف اپنی نفرت اور مزاحمت کا اعلان کریں۔
۔7تھانوں میں بندشیں
میر واعظ خانہ نظر بند
بلال فرقانی
سرینگر//مزاحمتی جماعتوں کی طرف سے شوپیاں اور کپوارہ میں شہری ہلا کتوں کے خلاف دی گئی ہڑتال کال کے پیش نظر انتظامیہ نے شہر خاص کے5تھانوں کے تحت آنے والے علاقوں میں بندشیں اور کرالہ کھڈ و مائسمہ کے حدود میں آنے والے علاقوں میں جزوی قدغنیں عائد کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ ضلع انتظامیہ نے بتایا کہ شہر خاص کے مہاراج گنج، نوہٹہ، خانیار،رعناواری اور صفا کدل میں احتیاتی طور پر دفعہ144کے تحت بندشیں رہیں گی جبکہ سیول لائنز علاقوں کے مائسمہ اور کرالہ کھڈ میں بھی جزوی بندشیں عائد کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ادھر میر واعظ عمر فاروق کو منگل کی شام کو ایک مرتبہ پھر نگین رہائش گاہ میں خانہ نظر بند رکھا گیا،جبکہ سید علی گیلانی پہلے ہی طویل خانہ نظر بندی میں ہیں۔