عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیر کے سانبہ ضلع میں ایک شخص پر مبینہ طور پر گولی چلانے کے الزام میں دو بندوق برداروں کو گرفتار کیا گیا ہے، جو بال بال بچ گیا۔پولیس نے پیر کو بتایاکہ ملزمان کی شناخت روہت ڈوگرا اور اس کے ساتھی ستیش کمار کے طور پر کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ دیانی گاؤں کے امیت پادھا نے سانبا پولیس اسٹیشن میں ایک تحریری شکایت درج کرائی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ روہت ڈوگرا نے ایک اور شخص کے ساتھ مل کر ہفتہ کی رات اس پر فائرنگ کی۔شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا گیا۔ پولیس نے مرکزی ملزم روہت کو گرفتار کیا اور اس کے انکشاف پر پیر کو ایک پستول برآمد کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس کے ساتھی ستیش کمار کو بھی اس کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے ایک زندہ راؤنڈ بھی برآمد کرلیا۔مزید تفتیش جاری ہے۔