یو این آئی
نئی دہلی//روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے وزیر نتن گڈکری نے شہروں میں بھیڑ بھاڑ کے پیش نظر ٹریفک نظام کو ہموار بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ اس کے لیے ترجیحی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ شہروں میں ٹریفک مینجمنٹ کیلئے رنگ روڈز اور بائی پاسز جیسے نظام پر توجہ دے کر ایسے اقدامات کیے جائیں تاکہ شہری علاقوں میں باہر کی گاڑیوں کا پریشر کم ہو اور دور دراز کی گاڑیوں کو شہر کے مضافات سے ان کی منزلوں تک پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بارے میں ساتھی وزرا اور عہدیداروں سے بات کر رہے ہیں۔بدھ کے روز ایکس پر ایک پوسٹ میں گڈکری نے کہا، شہری علاقوں کے ارد گرد قومی شاہراہوں کی پائیدار ترقی کے لیے اختراعی پالیسی اقدامات پر ایک مشاورتی ورکشاپ کی صدارت کی۔ وزارت میں وزرائے مملکت اجے ٹمٹا جی اور ہرش ملہوترا جی، ریاستی حکومت کے افسران اور میونسپل کمشنرز نے شرکت کی۔ ورکشاپ کے دوران قومی شاہراہوں کی تعمیر اور ہائی وے کی تعمیر پر توجہ مرکوز کی گئی۔