سرینگر // وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے شہری علاقوں میں موجود سبزہ زاروں کو مناسب طور تحفظ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پروجیکٹوں کو معیادبند مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایات دی ہیں۔محبوبہ مفتی نے متعلقہ محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ شہر میں موجود تمام سبزہ زاروں کی تار بندی کر کے انہیں تحفظ دیں تا کہ انہیں مستقبل میں استعمال میں لایا جاسکے۔ انہوں نے محکمہ سے کہا کہ وہ ناجائیز تجاوزات ہٹانے کے کام میں چنندہ نہ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ باز یاب کی گئی اراضی کی مناسب طور سے تار بندی کی جانی چاہئے۔ انہوں نے میونسپلٹیوں اور شہری بلدیاتی اداروں کو ہدایت دی کہ وہ شہروں اور قصبوں میں ریسٹ رومز، بس سٹاپوں اورکوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کے مقامات کی دستیابی کو یقینی بنائیں تا کہ لوگوں کو کسی قسم کی دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکمہ سے کہا کہ وہ صرف مطلوبہ ڈھانچوں کو ہی کھڑا کریں اور ان کے مناسب رکھ رکھاؤ کویقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران مقامی طرز تعمیر کی قدیم روایات کو برقرا رکھا جانا چاہئے۔اس دوران وزیر اعلیٰ کو جانکاری دی گئی کہ ریاست میں امرت کے تحت اگلے4 برسوں کے دوران593 کروڑ روپے لاگت والے پروجیکٹ عملائے جائیں گے۔ انہیں بتایا گیا کہ اس طرح کے74 پروجیکٹوں میں سے71 کی ٹینڈرنگ ہوچکی ہے اور انہیں جموں، سرینگر کے علاوہ اننت ناگ، لیہہ اور کرگل قصبوں میں عملایا جائے گا۔