عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کو مکانات و شہری ترقی محکمہ ( ایچ یو ڈِی ڈِی) کے تحت محکموں اور ایجنسیوں کی تنظیم نو کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے اِدارہ جاتی صلاحیت کو مضبوط بنانے، مؤثر عمل آوری اور طویل مدتی دیرپایت کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔میٹنگ کے شروعات میں کمشنر سیکرٹری مکانات و شہری ترقی نے میٹنگ کو محکمے کی تنظیم نو کی تفصیلی رِپورٹ پیش کی جس کا مقصد کارکردگی بہتر بنانا، ذِمہ داریوں کو واضح کرنا اور خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان تجاویز کو مالی منظوری حاصل ہو چکی ہے اور اِن کا مقصد اِنسانی وسائل کے بہتر اِستعمال، کارکردگی میں اِضافہ اور شہری حکمرانی کے نظام کو مضبوط بنانا ہے۔اہم تجاویز میں جے اینڈ کے ہاؤسنگ بورڈ کی تنظیم نو شامل ہے جس کا مقصد موجودہ عملے کے توازن کو بہتر بنانا ہے جہاں پچاس فیصد سے زیادہ ملازمین کلاس IV ہیں۔ اِس میں تکنیکی صلاحیت میں اِضافے کے لئے نئی اسامیوں کو معرض وجود میں لانااور موجودہ عملے کی تنظیم نو شامل ہے۔لیکس کنزرویشن اینڈ مینجمنٹ اتھارٹی (ایل سی ایم اے) میں سائنسی اور تکنیکی اسامیوں کوپولیوشن کنٹرول کمیٹی کے معیارات کے مطابق نئے عہدوں میں تبدیل کیا جائے گا تاکہ سائنسی صلاحیتوں میں بہتری آئے اور ضرورت سے زیادہ کمی کا خاتمہ ہوگا۔ٹاؤن پلاننگ آرگنائزیشن (ٹی پی او) کو شہری ترقی کی جدید ضروریات کے مطابق مزید مؤثر بنانے پر توجہ دی گئی ہے جس میں خصوصی یونٹوں کی تشکیل، پالیسی سیلز کا قیام اور فیلڈ دفاتر کی تنظیم نو شامل ہے۔سال1971 ء میں قائم کی گئی آرکیٹیکٹس آرگنائزیشن کو بھی موجودہ دور کی بنیادی ڈھانچے کی ضروریات کے مطابق ڈھالنے کے لئے تنظیم نو کا سامنا کرنا پڑے گا۔سرینگر میونسپل کارپوریشن نے 74ویں آئینی ترمیم کے بعد اَپنی ذِمہ داریوں میں خاطر خواہ اضافہ دیکھا ہے لیکن اسے اَفرادی قوت اور بجٹ کی کمی کا سامنا ہے۔ مجوزہ تنظیم نو اس کے اِنتظامی ڈھانچے کو مؤثر بنانے اور خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کی کوشش ہے۔جموں و کشمیر کے لئے ڈائریکٹوریٹ آف اربن لوکل باڈیز (یو ایل بیز) میں تجاویز عملے کی کمی، انتظامی اوورلیپس اور شہری صفائی کے مسائل کو حل کرتی ہیں بالخصوص ماحولیاتی تحفظ اور نفاذ و محصولات سے متعلق عملے کی تنظیم نو پر زور دیا گیا ہے۔جموں ڈیولپمنٹ اَتھارٹی کی تنظیم نو کی تجویز کو اِس کے بورڈ سے منظوری مل چکی ہے اور یہ مزید غور وخوض کے لئے محکمہ اِنتظامیہ کو بھیجی گئی ہے۔سرینگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایس ڈِی اے) کے لئے بھی تنظیم نو کی تجویز دی گئی ہے جس میں گزیٹیڈ اور نان گزیٹیڈ دونوں گریڈوںکے عہدوں کا تقابلی جائزہ شامل ہے تاکہ پالیسی پر عملدرآمد اور منصوبوں کی تکمیل بہتر بنائی جا سکے۔میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ شہری ماحولیاتی اِنجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ (یو اِی اِی ڈِی) کی تنظیم نو تکنیکی اَفرادی قوت کو مضبوط بنانے اور سائنسی بنیادوں پر ویسٹ مینجمنٹ، نکاسی آب اور صفائی کے نظام میں بہتری پر مرکوز ہے۔میٹنگ میں جموں میونسپل کارپوریشن کے نئے بھرتی قوانین کا بھی جائزہ لیا گیا جو اس تنظیم نو کے پیش نظروضع کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اِن تجاویز پر عملدرآمد سے مکانات و شہری ترقی محکمہ کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی، مالی بچت ممکن ہو گی اور شہری حکمرانی کو مؤثر بنایا جا سکے گا۔ اُنہوں نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ یہ اِصلاحات دیرپا شہری ترقی، شفافیت اور اِنتظامی کارکردگی کے وسیع تر وژن کے مطابق ہیں۔میٹنگ میں وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، وزیراعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا، کمشنر سیکرٹری مکانات وشہری ترقی محکمہ مندیپ کور، سری نگر و جموں میونسپل کارپوریشنوں کے کمشنران، ڈائریکٹر جنرل (کوڈز)، سری نگر ڈیولپمنٹ اَتھارٹی اور لیکس کنزرویشن اینڈ مینجمنٹ اَتھارٹی کے وائس چیئرمینوں سمیت دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔