جموں//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی سے پرزو ر اپیل کی کہ وہ جموں وکشمیر کے ایک کروڑ 20لاکھ ہندستانی شہریوں کی جان و مال اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے وہاں کے گورنر این این ووہرہ کو دفعہ ۔370کو استعمال کرتے ہوئے فوراًً گورنر راج لگانے کی ہدایت دیں ۔پروفیسر بھیم سنگھ نے جموں وکشمیر کی حکومت کے ذریعہ وہاں ایک نیا عوام مخالف حکم دینے کی سخت مذمت کی جس کے تحت جموں وکشمیر میں تمام طرح کے میڈیا ، فیس بک ، ٹوئٹر، وہاٹس ایپ، کیو کیو،وی چیٹ، او زون، ٹمبلر، گوگل پلس،اسکائپ ، وائبرلائن، اسنیپ چیٹ،پرنٹرسٹ،ٹیلی گرام اور ریڈٹ وغیرہ پر مکمل پابندی لگا دی گئی ہے اور ا ب پی ڈی پی۔ بی جے پی حکومت لوگوں کے سانس لینے پر بھی پابندی لگانے سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ انہوں نے کہاکہ ایسے مظالم تو ڈوگرہ راج میں مہاراجاؤں کے وقت بھی لوگوںپر نہیں ہوئے تھے۔پروفیسر بھیم سنگھ نے صدر سے درخواست کی ہے کہ وہ گورنر کو ہدایت دیں کہ وہ دفعہ۔370کے تحت جموں وکشمیر حکومت کو برخاست کردیں ورنہ وزیراعظم مودی جی کوتاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔