سرینگر//پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر نے جھڑپ کے دوران ایک شہری کی ہلاکت پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس ہلاکت کو بدقسمتی سے تعبیر کیا ۔ انہوں نے فورسز پر زور دیا کہ وہ آپریشنوں کے دوران شہری مال وجان کا تحفظ فراہم کریں ۔ کانگریس کے ریاستی صدر نے لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس طرح کے آپریشنوں کے دوران فورسز سے نہےں الجھیںکیونکہ فورسز کے ساتھ مخاصمت کی صورت میں انسانی جانوں کا زیاں ہوتا ہے ۔ غلام احمد میر نے لوگوں سے امن قائم کرنے کی اپیل کی ۔ اس دوران سی پی آئی ایم کی ریاستی کمیٹی نے کہاہے کہ غیر مسلح کشمیری کراس فائرنگ میں مارے جارہے ہیں۔ ایک بیان میں پارٹی کے ریاستی سیکریٹری جی این ملک نے ان ہلاکتوں کو بدقسمتی سے تعبیر کرتے ہوئے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیاکہ اس طرح کے حالات سے نمٹنے کے دوران زیادہ سے زیادہ احتیاط سے کام برتاجائے ۔