سرینگر // پولیس سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے کہا ہے کہ مسلح تصادم آرائیوں کے دوران شہریوں کی ہلاکتیں روکنے کیلئے فوج اور نیم فوجی دستوں کیساتھ بات چیت کی گئی ہے اور ایسے واقعات روکنے کیلئے کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ مسلح تصادم کے مقامات پر نہ آئیں۔انہوں نے کہا ’ہماری سب سے اپیل ہے کہ یہ نہیں ہونا چاہیے، ہمیں مسلح تصادم کے مقامات پر نہیں آنا چاہیے، فوج پر پتھراؤ نہیں کرنا چاہیے، ہم کوشش کررہے ہیں کہ اس سلسلے کو کیسے روکا جائے، حال ہی میں ہم نے فوجی افسروں کے ساتھ بھی بات چیت کی ہے، سی آر پی ایف کے افسروں سے بھی بات چیت کی ہے، اس سلسلے کو روکنے کی کوششیں کریں گے تاکہ کوئی بھی انسانی جان ضائع نہ ہو‘۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بہت دکھ ہوتا ہے جب کسی مسلح تصادم کے مقام پر کسی نوجوان کی موت واقع ہوتی ہے۔ ایس پی وید نے مزار شہداء نقشبند صاحب میں منعقدہ ’یوم شہدائے کشمیر‘ کی سرکاری تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کو بتایا ’ہمیں بہت دکھ ہوتا ہے جب کسی کی مسلح تصادم کے مقام پر موت واقع ہوتی ہے۔ اس لئے ہم نے بار بار اپیل کی کہ جہاں مسلح تصادم ہوتا ہے وہاں نہیں آنا چاہیے۔ فوج پر پتھر نہیں پھینکنے چاہیے ،یہ ہماری اپنی فوج ہے،یہ خون خرابہ کس لئے؟ جس گھر کا بچہ جاتا ہے اس کا دکھ درد اگر محسوس کیا جائے وہ ہم سب کرسکتے ہیں‘۔